انجری کے باعث صائم ایوب 6 ہفتوں تک انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر
جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے پہلے روز انجری کا شکار ہونے والے پاکستان ٹیم کے نوجوان کھلاڑی صائم ایوب 6 ہفتوں کےلیے انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر ہوگئے۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے تصدیق کرتے ہوئے کہا ہےکہ صائم ایوب کے دائیں ٹخنے کا جنوبی افریقہ میں ایم آر آئی اور ایکسرے کروالیا گیا ہے،ان کی میڈیکل رپورٹس لندن میں ماہر ڈاکٹرز کو بھجوادی گئی ہیں رپورٹس دیکھ کر صائم ایوب کے علاج اور مستقبل کا فیصلہ کیا جائےگا۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز کیپ ٹاؤن میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ میچ میں فیلڈنگ دوران باؤنڈری لائن کے قریب دایاں ٹخنہ مڑجانے کے سبب صائم ایوب انجری کا شکار ہوئے تھے۔
پی سی بی کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق اوپنر کی ایم آر آئی رپورٹس میں فریکچر کی تصدیق ہوئی ہےجس کے باعث وہ 6 ہفتوں تک انٹرنیشنل کرکٹ سے دور ہوگئے ہیں۔
صائم ایوب جنوبی افریقا کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ سے باہر ہوگئے ہیں تاہم وہ ٹیم کےہمراہ رہیں گے اور میچ ختم ہونے کے بعد اسکواڈ کے ساتھ وطن واپس آئیں گے۔