اب ٹوئیٹر صارف بغیر شرائط تصدیقی بلیو ٹک حاصل کریں

ایلون مسک کی سربراہی میں ٹوئیٹر کی نئی انتظامیہ نے پرانی پالیسی کو ختم کرتے ہوئے بلیو ٹک کی تصدیقی سروس تمام صارفین کیلئے بغیر شرائط متعارف کروا دی ہے، اب کوئی بھی صارف 8 ڈالرز ماہانہ سے اپنے اکائونٹ کی تصدیق کر سکے گا۔ دنیا کے سب سے بڑے سماجی رابطے کے پلیٹ فارم نے یورپ کے کچھ ممالک میں موبائل فون صارفین کو نئے فیچرز تک رسائی دیتے ہوئے بلیو ٹک سروس کے لیے سکسرائب کرنے کی آفر دی ہے۔ ٹوئٹر کی جانب سے امریکا، کینیڈا، نیوزی لینڈ اور آسٹریلیا میں متعارف کرائے گئے آزمائشی فیچر سے معلوم ہوتا ہے کہ ہر اکاؤنٹ ہولڈر کو ماہانہ 8 ڈالر کے عوض بلیو ٹک فراہم کیا جائے گا۔

امریکا، کینیڈا، آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ میں آئی فون پر ٹوئٹر استعمال کرنے والے افراد کو نئے فیچر تک رسائی دی گئی ہے اور صارفین کو ٹوئٹر بلیو نامی سروس کو سبسکرائب کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔ ٹوئٹر نے ایپل سٹور پر ایپلی کیشن کا نیا ورژن بھی اپ لوڈ کر دیا ہے، جسے ڈاؤن لوڈ کر کے استعمال کرنے والے صارفین کو سبسکرپشن فیچر تک رسائی دی جا رہی ہے۔ نئے ورژن کے تحت صارفین کو بتایا جا رہا ہے کہ وہ ٹوئٹر بلیو کی سروس کو 8 امریکی ڈالرز کے عوض سبسکرائب کریں، جس کے تحت انہیں بلیو ٹک فراہم کیا جائے گا۔

آئی فون پر ٹوئٹر استعمال کرنے والے بعض صارفین کو ٹوئٹر بلیو نامی سروس سبسکرائب کرنے کی ہدایت کی گئی، جس کے تحت انہیں بلیو ٹک دینے کے علاوہ لمبی ویڈیوز ٹوئٹ کرنے اور اشتہارات کم نظر آنے کی پیش کش کی گئی۔ یہ بھی۔عندیہ ملتا ہے کہ اب ٹوئٹر تمام صارفین کو ماہانہ فیس کے عوض بلیو ٹک فراہم کر سکتا ہے، تاہم اس حوالے سے کچھ بھی کہنا قبل از وقت ہے۔

اس سے قبل یہ خبریں آئی تھیں کہ ٹوئٹر پر نومبر سے ماہانہ فیس وصولی کا آغاز کر دیا جائے گا اور ان تمام اکاؤنٹس کو ماہانہ 8 ڈالر فیس ادا کرنے کا کہا جائے گا جن کے پاس بلیو ٹک ہے۔ ٹوئٹر کی جانب سے صارفین سے ماہانہ 8 ڈالرز فیس وصولی کے فیصلے پر دنیا بھر میں زبردست بحث جاری ہے اور لوگ ایلون مسک کو تنقید کا نشانہ بھی بنا رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button