ٹوئیٹر خریدنے والے ایلون مسک کی ساکھ خطرے میں کیوں؟

سماجی رابطے کے سب سے بڑے پلیٹ فارم ٹوئیٹر کو خرید کر اپنے انداز سے چلانے کی وجہ سے دنیا کے سب سے امیر ترین بزنس مین ایلون مسک تنقید کی زد میں آ گئے ہیں اور ان کے ساکھ خطرے میں پڑ گئی یے۔

یاد رہے کہ ایلون مسک نے اکتوبر 2022 میں ٹوئٹر کا چارج سنبھالنے کے بعد صرف دو ہفتوں میں بڑے فیصلے لیکر ڈیجیٹل دنیا میں ہلچل مچا دی تھی۔ انہوں نے تین ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کرنے کے علاوہ ٹوئٹر پر ویریفائیڈ سٹیٹس برقرار رکھنے کے لیے آٹھ ڈالرز کی ماہانہ فیس متعارف کروا دی یے۔ لیکن اس پلیٹ فارم پر برسوں سے موجود سلیبریٹیز میں سے زیادہ تر ایلون مسک کے فیصلوں سے مطمئن نہیں ہیں۔

ایلون مسک پر تنقید میں تیزی آنے کے بعد مارول فلموں میں سپر ہیرو ‘ہلک’ کا کردار ادا کرنے مارک رفلو نے کھرب پتی بزنس مین سے کہا ہے کہ اگر وہ اپنی ساکھ کو برقرار رکھنا چاہتے ہیں تو ٹوئٹر کی باگ ڈور کسی اور کے ہاتھ میں دے دیں، مارک فلو نے کہا کہ مسک کے لیے بہتر یہی ہوگا کہ وہ اپنی دیگر کمپنیوں ’’سپیس ایکس‘‘ اور ’’ٹیسلا‘‘ پر توجہ دیں۔ اداکار مارک رفلو نے ان خیالات کا اظہار امریکی سیاستدان الیگزینڈریا اوکاسیو کورٹیز کے ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کرتے ہوئے کیا جس میں ڈیموکریٹک پارٹی کی لیڈر نے ایلون مسک کو متوجہ کر کے کہا تھا کہ وہ ایک ایسی ایپلی کیشن پر آٹھ ڈالرز بھی کیوں خرچ کریں گی جس پر انہیں خیالات کا اظہار کرنے کی وجہ سے کسی بھی وقت ہٹایا جا سکتا ہے۔

اس ری ٹوئٹ پر ایلون مسک نے جواب دئا کہ الیگزینڈریا جو بھی کہتی ہیں ضروری نہیں وہ ٹھیک ہو، مسک کے اس جواب پر مارک رفلو نے کہا کہ بلیو ٹک والے صارفین ٹوئٹر کی کامیابی کا ایک اہم حصہ رہ چکے ہیں، اگر ان کے مفادات کا خیال نہ رکھا گیا تو اس سے ٹوئٹر اور اس کے نئے مالک دونوں کی ساکھ پر اثرپڑے گا۔ بعدازاں لوگوں کے پاس ٹوئٹر چھوڑنے کے علاوہ کوئی اور راستہ نہیں ہوگا۔

گلوکار علی ظفر نے اس معاملے پر تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ “اگر تخلیق کاروں کو لائیکس اور فالوورز کی جنگ سے نکل کر زیادہ سے زیادہ مراعات دی جائیں تو اس سے ٹوئٹر کوفائدہ پہنچ سکتا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ ٹوئٹر کو چاہیے کہ ایک الگ ڈیجیٹل دنیا قائم کرے جہاں صارفین اپنی مرضی کے مطابق نئی چیزیں سیکھیں اور ہم خیال لوگوں کے ساتھ مل کر ایسے کام کریں جس سے کمائی ہوسکے۔ ایلون مسک کو علی ظفر کی ٹوئٹر ایلگورتھمز کے حوالے سے تجویز بھی پسند آئی جس پر ایلون مسک نے پاکستانی گلوکار واداکار کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ٹوئٹر کے ایلگورتھمز کو تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔

Related Articles

Back to top button