فیس بک اور انسٹا گرام صارفین کے لیے نیا حیران کن فیچر


اب انسٹا گرام اور فیس بک کے صارفین ایک ہی پلیٹ فارم پر دونوں ایپس کو استعمال کر سکیں گے، بیک وقت دونوں پلیٹ فارم پر پوسٹ کی سہولت بھی موجود ہوگی۔ دنیا کی سب سے بڑی سوشل میڈیا ٹیکنالوجی کمپنی ’میٹا‘ نے فیس بک اور انسٹاگرام کو ایک ہی ایپلی کیشن سے چلانے کے نئے فیچر کی آزمائش شروع کر دی ہے۔

فیس بک کی جانب سے بلاگ پوسٹ میں بتایا گیا کہ ابتدائی طور پر ’اکاؤنٹس سینٹر‘ نامی فیچر تک محدود صارفین کو رسائی دی گئی ہے اور جلد ہی اسے عام صارفین میں بھی متعارف کرایا جا سکے گا، اس فیچر کے تحت اب صارفین فیس بک یا پھر انسٹا گرام کی ایپلی کیشن کے ذریعے دونوں ہی سوشل سائٹس کو استعمال کر سکیں گے۔

نئے فیچر کے تحت ابتدائی طور پر صارفین کو کسی بھی ایک ایپلی کیشن پر اپنے تمام اکاؤنٹس کو ایڈ کرنا پڑے گا، جس کے بعد وہ ایک ہی ایپ پر رہتے ہوئے دونوں ایپس کو استعمال کر سکیں گے۔ یعنی اگر کوئی فیس بک استعمال کر رہا ہوگا تو وہ اسی پر انسٹا گرام آئیکون کو کلک کر کے وہیں سے انسٹا گرام پیج پر بھی جا سکے گا اور وہیں سے وہ پوسٹ بھی کرنے کا اہل ہوگا جبکہ صارف کو ایک ہی ایپلی کیشن پر دونوں ایپس کے نوٹیفکیشن بھی موصول ہوں گے۔

نئے فیچر کے تحت صارفین کو مزید اکاؤنٹس بنانے کی اجازت بھی ہوگی اور وہ تمام اکاوٗنٹس کو ایک ہی ایپلی کیشن کے ذریعے کنٹرول بھی کر سکیں گے۔ ایک ہی ایپلی کیشن کے لاگ ان ہونے پر تمام اکاؤنٹس تک صارفین کو رسائی حاصل ہوگی۔ لیکن آئیکون پر کلک کرنے پر ہی صارف اپنے فیس بک پیج سے انسٹا گرام پر جا سکیں گے یا پھر انسٹاگرام سے فیس بک پیج پر آ سکیں گے۔ اسکے علاوہ صارف کو اپنے تمام اکاؤنٹس کی معلومات الگ الگ بھی فراہم کی جائیں گی اور وہ اپنی مرضی کے اکاؤنٹ کو استعمال کرسکیں گے۔ فیس بک کا فیچر ٹوئٹر کے ’’ٹوئٹ ڈیک‘‘ سے ملتا جلتا ہے، جس کے ذریعے صارفین بیک وقت بہت سارے اکاؤنٹس کو استعمال کرنے کے اہل ہوتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button