دہشت گردی کے خلاف پاکستانی کوششوں کو سراہنے پر ڈونلڈ ٹرمپ کا شکریہ، شہباز شریف

وزیر اعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کےلیے پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنا اور سراہنا قابلِ تحسین ہے۔
وزیر اعظم شہباز شریف نے ایک بیان میں کہا ہےکہ پاکستان نے ہمیشہ انسداد دہشت گردی میں اہم کردار اداکیا،امریکی صدرنے افغانستان میں انسداد دہشت گردی کی کوششوں میں پاکستان کےکردار کو تسلیم کیا۔
ہم دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنے پختہ عزم، غیر متزلزل وابستگی پر قائم ہیں، 80 ہزار سے زائد سکیورٹی اہلکاروں سمیت پاکستانیوں نے قربانیاں دیں۔
وزیر اعظم نے کہاکہ علاقائی امن و استحکام کےلیے امریکا کے ساتھ شراکت داری جاری رکھیں گے،ہمارا عزم ہےکہ پاکستان سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھیکیں۔
ٹرمپ کا افغانستان میں دہشت گردی کے خلاف تعاون پر پاکستان سے اظہار تشکر
واضح رہےکہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کانگریس کے مشترکہ اجلاس سے اپنے پہلےخطاب میں 2021 میں امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے دوران کابل ایئرپورٹ پر بم دھماکے میں 13 امریکی فوجیوں کی ہلاکت کےذمے دار داعش کے دہشت گرد محمد شریف اللہ کی گرفتاری میں کردار ادا کرنےپر پاکستان کا شکریہ ادا کیا تھا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے گرفتاری میں اسلام آباد کےکردار پر اس کا شکریہ ادا کرتےہوئے کہا تھاکہ ’میں خاص طور پر پاکستان کی حکومت کا شکریہ ادا کرنا چاہتا ہوں کہ انہوں نےاس درندے کو گرفتار کرنے میں مدد کی‘۔