شیر افضل کا سلمان اکرم راجہ کو سیکریٹری جنرل ماننے سے انکار

پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل سلمان اکرم راجہ اور شیر افضل مروت کے درمیان لفظی گولہ باری شروع ہوگئی۔ شیر افضل مروت نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل نہیں،پارٹی میں ان کی حیثیت ایک اجنبی کی سی ہے۔

خیال رہے کہ سیکرٹری جنرل پی ٹی آئی سلمان اکرم راجہ کا ایک انٹرویو میں کہنا تھاکہ شیر افضل مروت روز ایک ایسا بیان دیتےہیں جس کا پارٹی سے کوئی تعلق نہیں ہوتا۔

سلمان اکرم راجہ نے کہاتھا کہ شیر افضل مروت کو پارٹی پالیسی کا ادراک نہیں،انہیں ٹی وی چینل والے بلالیتے ہیں تو انہوں نے کچھ نہ کچھ کہنا ہوتاہے اور وہ کہہ دیتے ہیں۔

جس پر شیر افضل مروت نے بھی پلٹ کر سلمان اکرم راجہ پر وار کیا۔ شیر افضل مروت نے نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی آئین کےمطابق الیکشن میں منتخب شخص ہی جنرل سیکرٹری بن سکتا ہے۔

شیر افضل مروت نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ اگر پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل ہیں تو ان کے نام سےکوئی نوٹی فکیشن کیوں جاری نہیں کیا جاتا،وہ جنرل سیکریٹری بن ہی نہیں سکتے۔

مرکزی رہنما پی ٹی آئی شیر افضل مروت نے کہاکہ بیرسٹر گوہر سے پوچھا جائےکہ سلمان اکرم راجہ کیسے جنرل سیکریٹری بن گیا اور جب یہ جنرل سیکریٹری ہی نہیں تو میرےخلاف کیسے کارروائی کرسکتا ہے۔

شیر افضل مروت نے کہاکہ سلمان اکرم راجہ ایک سال پہلے پارٹی میں آیا اور اب مجھےسمجھا رہا ہے، عمر ایوب خان کے استعفے کےبعد اب ایڈیشنل سیکرٹری جنرل فردوس شمیم نقوی پی ٹی آئی کے سیکرٹری جنرل ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پارٹی کے ہر نوٹی فکیشن پر دستخط بھی فردوس شمیم نقوی کے ہوتےہیں،پارٹی امور کا سلمان اکرم راجہ کو کیا ادراک ہوگا،وہ 15 دن لاہور میں رہتا ہے،ایک دن اسلام آباد آ جاتا ہے۔

شیر افضل مروت نےکہا کہ 9 مئی کے وقت سلمان اکرم راجہ کہاں تھے؟ اب ٹھیکیدار بن گئےہیں۔اس کےبعد ہمیں کوئی ترجمان نہیں مل رہا تھا، تب ترجمان اور عمران خان کا وکیل میں ہی تھا۔

انہوں نےکہا کہ دیگر پارٹیوں میں ایک دوسرے کےخلاف بیان نہیں دیےجاتے،ایسا صرف پی ٹی آئی میں ہوتا ہے۔کل عمران خان کو سلمان اکرم راجہ کے حوالے سے بتاؤں گا کیوں کہ یہ ذاتیات پر اتر آئے ہیں۔

پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت نےکہا کہ مجھے یقین ہےکہ مذاکرات کامیابی سے ہوں گے کیوں کہ یہ سیاستدانوں کی خواہش ہے، سیاستدان مذاکرات کے ٹی او آرز طےکریں گے پھر اسٹیبلشمنٹ سے بات کریں گے، آنےوالے چند دنوں میں یہ ساری چیزیں سامنے آجائیں گی۔

عمران خان صحت کے معاملات پر کہیں اور منتقل ہوسکتے ہیں : رانا ثنا اللہ

شیر افضل مروت نےکہاکہ حکومت پی ٹی آئی کے اسٹیبلشمنٹ سے ممکنہ رابطےکو شک کی نگاہ سے دیکھتی ہے، کیوں کہ یہ مذاکرات پس پردہ کسی دوسرے مذاکرات کے نتیجے میں شروع ہوئےتھے۔

انہوں نےکہا کہ عادل راجہ اور حیدر مہدی دونوں ’را‘ کے ایجنٹ ہیں،یہ بھلے سوشل میڈیا پر میرے پیچھے پڑجائیں لیکن ان کےخلاف بات ضرور کروں گا۔

Back to top button