شعیب شاہین اور فواد چوہدری کی لڑائی میں شعیب شاہین کے ساتھ ہیں : پی ٹی آئی

پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی نے فواد چوہدری اور شعیب شاہین کے درمیان جھگڑے کو فواد چوہدری کا مجرمانہ اقدام قرار دیتے ہوئے کہا کہ مشکل وقت میں چھوڑکر جانے والوں کی کوئی اہمیت نہیں۔ شعیب شاہین اور فواد چوہدری کی لڑائی میں شعیب شاہین کے ساتھ ہیں۔
سلمان اکرم راجہ کی صدارت میں پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں تمام اراکین نے متفقہ قرارداد منظور کی کہ شعیب شاہین اور فواد چوہدری کی لڑائی میں شعیب شاہین کے ساتھ ہیں۔
سیاسی کمیٹی نے کہا کہ مشکل وقت میں پارٹی چھوڑ کر جانےوالوں کی پارٹی میں کوئی اہمیت نہیں ہے۔فواد چوہدری کا حملہ ایک مجرمانہ اقدام ہے اور ماضی میں بھی ایسے کئی واقعات فواد چوہدری سے منسوب ہیں۔
بیان میں کہا گیاکہ پی ٹی آئی کی سیاسی کمیٹی فواد چوہدری کے نفرت انگیز رویے کی مذمت کرتی ہےاور شعیب شاہین کی مکمل سپورٹ اور حمایت کا اعادہ کرتی ہے۔
سیاسی کمیٹی کے جاری کردہ بیان میں کہا گیا ہے کہ فواد چوہدری کسی فورم پر خود کو پی ٹی آئی کے نمائندے کے طور پر پیش کرنے کے مجاز نہیں ہیں۔
ذرائع کےمطابق سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال اور آئندہ کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیاگیا، سلمان اکرم راجہ نے عمران خان کی ہدایات سے پولیٹیکل کمیٹی کو بریفنگ بھی دی۔
اجلاس میں عمران خان کےخلاف کیسز پر تفصیلی بریفنگ بھی دی گئی۔
سیاسی کمیٹی میں یہ بھی فیصلہ کیاگیا کہ 26 ویں آئینی ترمیم کےبعد غائب ہونے والے اراکین پارلیمنٹ کے حوالے سے عمران خان خود فیصلہ کریں گے۔
فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا، شعیب شاہین زمین پر گر گئے
یاد رہے کہ اڈیالہ جیل میں پیشی کےدوران شعیب شاہین اور فواد چوہدری میں جھگڑا ہوا تھا۔