شعیب شاہین نے عمران خان سے فواد چوہدری کی شکایت کردی

پی ٹی آئی کے رہنما بیرسٹر شعیب شاہین نے فواد چوہدری سے جھگڑے کےبعد اڈیالہ جیل میں عمران خان سے شکایت کردی۔

ذرائع کے مطابق رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین نے اڈیالہ جیل کے کمرۂ عدالت میں عمران خان کو واقعے سے آگاہ کیا۔شعیب شاہین نے ہاتھوں پر لگے زخم بھی عمران خان کو دکھائے۔

ذرائع کاکہنا ہےکہ عمران خان کی جانب سے واقعے پر افسوس کا اظہار کیاگیا۔

بعد ازاں اڈیالہ جیل کےباہر میڈیا سےگفتگو کرتےہوئے فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ شعیب شاہین مجھے پریس کانفرنس میں بھگوڑا کہہ کر پکار رہےتھے اور جب میں نے خان صاحب سے پوچھاکہ کیا آپ نے ایسا کہا ہےتو انہوں نے کہا میں نے ایسا کچھ نہیں کہا۔

فواد چوہدری نے دعویٰ کیاکہ ان کی شعیب شاہین کےساتھ صلح ہوگئی ہے، عمران خان نے جب حکم دےدیا تو پھر معاملہ ختم ہوگیا۔

دوسری جانب میڈیا سے گفتگو کرتےہوئے رہنما پی ٹی آئی شعیب شاہین نے ایک بار پھر فواد چوہدری کو بھگوڑا قرار دیتےہوئے کہاکہ فواد چوہدری پلاننگ کرکے آیا تھا اس نے مجھ پر حملہ کیا ہے،فواد نے مجھے تھپڑ مارا اس سے زیادہ ان کو جواب مل گیا ہے،ہم نے 4 گنا حساب برابر کردیا۔

شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری کا ہماری پارٹی سےکوئی تعلق نہیں ہے، وہ ہماری پارٹی میں دراڑیں ڈالنےکی کوشش کررہے ہیں۔

شعیب شاہین کا کہنا تھا کہ فواد چوہدری ٹاؤٹ ہے، عمران خان نے بھی اس جھگڑےکی مذمت کی ہے،فواد چوہدری جھوٹ بول کر گیا ہےاس سے کوئی صلح نہیں ہوئی۔

فواد چوہدری نے شعیب شاہین کو تھپڑ مار دیا، شعیب شاہین زمین پر گر گئے

پی ٹی آئی کے وکیل رہنما نعیم حیدر پنجوتھا کا اس حوالے سےکہنا تھا کہ عمران خان نے کہاکہ ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا، عمران خان نے دونوں کی صلح کرادی ہے اور معاملہ اب ختم ہوچکا ہے۔

Back to top button