آڈیو لیکس معاملے کی تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی تشکیل

وزیر اعظم ہائوس کی آڈیو لیکس کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں آڈیو لیکس کی تحقیقات کیلئے وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کی سربراہی میں اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری دے دی گئی۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے جاری اعلامیے کے مطابق وزیرِ اعظم شہباز شریف کی زیرِ صدارت نیشنل سیکیورٹی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزرا، سروسز چیف اور اعلیٰ سول وفوجی حکام کی شرکت کی۔
اعلامیہ کے مطابق اجلاس نے آڈیو لیکس کے معاملے پر غور کیا اور حساس اداروں کے سربراہان کی جانب سے وزیراعظم ہاؤس اور اہم مقامات کی سکیورٹی پر بریفنگ دی گئی۔
اعلامیہ میں کہاگیا کہ سائبراسپیس اور اس سے متعلقہ دیگر پہلوؤں پر تفصیلی بریفنگ میں کہا گیا ہے کہ سوشل میڈیا پر زیرگردش آڈیوز کے معاملے پر تحقیقات کی جا رہی ہیں۔
قومی سلامتی کمیٹی اجلاس کے اعلامیہ میں بتایا گیا کہ اجلاس میں وزیراعظم ہاؤس کی سکیورٹی سے متعلق بعض پہلوؤں کی نشاندہی کی گئی اور ان کے تدارک کیلئے فول پروف انتظامات سے متعلق بتایاگیا۔
اعلامیہ کے مطابق کمیٹی نے مشاورت کے بعد سائبرسکیورٹی سے متعلق’ لیگل فریم ورک‘ کی تیاری کا فیصلہ کیا ہے اور وزارت قانون وانصاف کو سائبرسکیورٹی سے متعلق لیگل فریم ورک کی تیاری کی ہدایت کی گئی ہے۔
اعلامیہ میں بتایا گیا کہ کمیٹی نے آڈیو لیکس کے معاملے پر تحقیقات کیلئے اعلیٰ اختیاراتی کمیٹی کی تشکیل کی منظوری بھی دی ہے جس کے سربراہ وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ ہوں گے۔
اعلامیہ کے مطابق قومی سلامتی کمیٹی نے فیصلہ کیا کہ سائبر اسپیس کے پیش نظر سکیورٹی، سیفٹی اور سرکاری کمیونیکیشنز محفوظ بنانے کا جائزہ لیا جائے گا۔
واضح رہے کہ امریکی سائفر کے حوالے سے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی سابق پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کے ساتھ مبینہ آڈیو لیک ہوئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ امریکا کا نام نہیں لینا، اب ہم نے صرف کھیلنا ہے۔
یاد رہے کہ چند روز قبل وزیراعظم ہاؤس میں ہونے والے اجلاس کی ایک آڈیو بھی لیک ہوئی تھی جس میں وزیراعظم، وزیر داخلہ، وزیر دفاع اور وزیر قانون کے علاوہ ایاز صادق کی آواز بھی شامل تھی۔
گزشتہ روز پریس کانفرنس میں وزیراعظم شہباز شریف نے آڈیو لیک کو ملکی سلامتی کے لیے بڑا خطرہ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس معاملے کی ہر سطح سے تحقیقات کی جائیں گی۔