تیراہ آپریشن، 3 دہشتگرد ہلاک، افسر سمیت 4 جوان شہید

خیبر کے علاقے تیراہ میں آپریشن کے دوران 3 دہشتگرد مارے گئے جبکہ لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 جوانوں نے جام شہادت نوش کر لیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق خیبر کے علاقے تیراہ میں سکیورٹی فورسز نے دہشت گردوں کی موجودگی کی خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کیا اور آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں  3 دہشت گرد ہلاک اور  3 زخمی ہوگئے۔

 آئی ایس پی آر نے بتایا کہ فائرنگ کے تبادلے میں لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر سمیت 4 جوان شہید ہوئے جبکہ دیگر شہدا میں نائیک خوش دل خان، نائیک رفیق خان اور لانس نائیک عبدالقادر شامل ہیں۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ شہید لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر کا تعلق اسلام آباد سے تھا، چاروں سکیورٹی فورسز اہلکاروں نے بہادری سے لڑتے ہوئے جام شہادت نوش کیا، لیفٹیننٹ کرنل محمد حسن حیدر نے آپریشن کی قیادت کی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق علاقے میں دیگر ممکنہ دہشت گردوں کے خاتمے کےلیے کلیئرنس آپریشن کیا جا رہا ہے، سکیورٹی فورسز دہشت گردی کی لعنت کو ختم کرنے کےلیے پرعزم ہیں، ہمارے بہادر سپاہیوں کی ایسی قربانیاں ہمارے عزم کو مزید مضبوط کرتی ہیں۔

Related Articles

Back to top button