سود سے متعلق فیصلے کے خلاف اپیلیں واپس لینے کا اعلان

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے سود سے متعلق فیڈرل شریعت کورٹ کے فیصلے کیخلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لینے کا اعلان کردیا۔

اسلام آباد میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا کہ ملک میں اسلامی بینکنگ کے نظام کو آگے بڑھا رہے ہیں، ہماری کوشش ہوگی تیزی سے اسے نافذ کریں۔

انکا کہنا تھا وفاقی شرعی عدالت نے گزشتہ دنوں سودی نظام کے خلاف فیصلہ دیا ہے، قرآن و سنت کا بھی یہی حکم ہے، اس فیصلے کیخلاف اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک نے سپریم کورٹ میں اپیلیں دائر کی تھیں۔

وزیر خزانہ نے کہااس معاملے پر تفصیلی بحث ہوئی، گورنر اسٹیٹ بینک سے خصوصی مشاورت کی گئی، ہمارے نزدیک فیصلہ کرنے کا معیار قران و سنت ہے، وزیراعظم شہباز شریف کی منظوری سے اسٹیٹ بینک اور نیشنل بینک اس فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر اپیلیں واپس لے لیں گے، ملکی معیشت کی بہتری کیلئےحکومت اہم اقدامات کررہی ہے۔

اسحاق ڈار نے کہا حکومت پوری کوشش کرے گی کہ ملک میں اسلامی نظام کو نافذ کرے، اللہ ہمیں توفیق دے کہ ہم ملک میں سود سے پاک اسلامی نظام کو نافذ کرسکیں، اس میں چیلنجز ہیں، 75 سال سے جاری بینکاری نظام کو یک دم تبدیل نہیں کیا جاسکتا لیکن حکومت نے اپنی حد تک کی گئی اپیلیں واپس لینے کا فیصلہ کیا ہے۔

Related Articles

Back to top button