سپریم کورٹ کے فیصلے پر مطمئن ،جو چاہتے تھے مانا گیا

وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق سپریم کورٹ کے فیصلے پر اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الہٰی کا رد عمل سامنے آیا ہے، جس پر ان کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کا آج بڑا اچھا فیصلہ آیا ہے جو ہم چاہتے تھے وہ مانا گیا ہے۔

انہوں نے کہا سپریم کورٹ نے اس بات کی یقین دہانی کرائی ہے کہ پنجاب اسمبلی کا اجلاس رولز کے مطابق ہو گا،حمزہ شہباز نے بھی کہا سیاسی مداخلت اور پولیس استعمال نہیں کی جائےگی،اب جو چیزیں طے ہوئی ہیں ان میں انتقامی کارروائیوں اور پولیس کا عمل نہیں ہوگا اور بلکل قوانین کے مطابق چلایا جائے گا جس میں ہماری مشاورت بھی شامل ہوگی۔

پرویز الٰہی کا کہنا تھا 22جولائی تک ہاؤس مکمل ہوجائےگا پھر الیکشن ہوگا، 22جولائی کو اجلاس اسمبلی کی عمارت میں ہوگا اور کہیں نہیں ہوگا، انہوں نے کہا کہ جو ماحول آج عدالت کے اندر بنا وہ عدالت کے باہر بھی رہنا چاہیے، یہی جمہوریت ہے۔

واضح رہے کہ سپریم کورٹ نے آج یکم جولائی کو وزیر اعلیٰ پنجاب کے انتخاب سے متعلق لاہور ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف تحریک انصاف اور مسلم لیگ ق کی اپیلوں پر فیصلہ سناتے ہوئے وزیر اعلیٰ کاانتخاب22 جولائی کو کرانے کا حکم دیا ہے۔

Related Articles

Back to top button