سپر ٹیکس کے اعلان کے بعدسٹاک مارکیٹ 2000 پوائنٹس گر گئی

حکومت کی جانب سے بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس عائد کرنے کے اعلان کے فوری بعد پاکستان سٹاک ایکسچینج میں حصص کی فروخت کا شدید دباؤ دیکھنے میں آیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس 2 ہزار پوائنٹس گر گیا۔

جمعہ کے روز کاروبار کے آغاز کے بعد 2 گھنٹے تک مارکیٹ ہموار رہی تاہم 11 بج کر 40 منٹ پر شدید مندی دیکھی گئی اور کے ایس ای 100انڈیکس ایک ہزار 598 پوائنٹس کم ہو کر 41 ہزار 100 کی سطح پر گر گیا،دوپہر 12 بجے تک 100 انڈیکس 2 ہزار 53 پوائنٹس یا 4.8 فیصد تک کم ہوگیا تھا۔

پاکستان سٹاک ایکسچینج کی رول بک کے مطابق جس سطح پر انڈیکس آخری مرتبہ بند ہوا ہو اس سے 5 فیصد اوپر یا نیچے جانے اور 5 منٹ تک وہاں رکنے پر تمام کاروبار ایک مخصوص مدت کے لیے روک دیا جاتا ہے۔

رضا جعفری جو کہ ریسرچ انٹر مارکیٹ سیکورٹیز کے ہیڈ ہیں کا کہنا تھا ہم نے سنا کہ حکومت تمام بڑی صنعتوں پر 10 فیصد سپر ٹیکس لگارہی ہے جس پر مارکیٹ نے بہت منفی طریقے سے ردِ عمل دیا کیوں کہ یہ اقدام کارپوریٹ سیکٹر کے منافع کو بری طرح متاثر کرے گا،10 فیصد سپر ٹیکس کے ساتھ پاکستان کا کارپوریٹ انکم ٹیکس اور دیگر تمام ٹیکس ملا کر 50 فیصد سے زائد ہوجائے گا، سرمایہ کاروں کا ٹیکس 55 فیصد سے بڑھ جائے گا۔

دریں اثنا وزیراعظم نے قوم کو بجٹ میں کیے گئے اقدامات پر اعتماد میں لیا اور بڑی صنعتوں بشمول سیمنٹ، اسٹیل، چینی، تیل اور گیس، کھاد، ایل این جی ٹرمینلز، ٹیکسٹائل، بینکنگ، آٹو موبائل، کیمیکلز، مشروبات اور سگریٹ پر 10 فیصد ٹیکس لگانے کا اعلان کیا تھا۔

وزیر اعظم نے کہا تاریخ گواہ ہے کہ ہر چیلنج اور مشکل حالات میں غریبوں نے قربانی دی ہے، آج صاحبِ حیثیت افراد کو اپنا حق ادا کرنا ہے، سیگریٹ کی صنعت کا 60 فیصد سیکٹر ٹیکس ادا کرتا ہے جبکہ 40 فیصد ٹیکس نہیں دیتا یہ ریاست کا کام ہے کہ ٹیکس جمع کرے۔

شہبا زشریف کا کہنا تھا ٹیکس کی کلیکشن کے لیے تمام ڈیجیٹل ٹولز کو بروئے کار لائیں گے، عام شہری کو ٹیکس کے بوجھ سے بچانے کے لیے ٹیکس جمع کیا جائے گا اور ٹیکس کے پیسے عوام پر استعمال کریں گے، اگر ہم ایسا نہیں کریں گے تو ہمیں قرض لینا پڑے گا۔

Related Articles

Back to top button