شہباز شریف کی برطانوی اخبار کیخلاف حکم امتناع کی درخواست مسترد

پاکستانی وزیراعظم شہباز شریف اور ان کے داماد عمران علی یوسف کو میل آن سنڈے کے پبلشر کیخلاف ہتک عزت کے مقدمے میں جواب داخل کرانے اور 30 ہزار پائونڈ اخراجات کی مد میں ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔

اخبار نے 2019 میں ایک مضمون شائع کیا تھا جس میں الزام عائد کیا گیا تھا کہ شہباز شریف نے بطور وزیراعلٰی پنجاب برطانوی حکومت کی امدادی رقم کی چوری اور لانڈرنگ کی۔شہباز شریف نے جنوری 2020 میں اس غیرمعمولی الزام کے خلاف ہتک عزت کا کیس دائر کیا تھا جس میں الزام واپس لینے، ہرجانہ ادا کرنے اور معافی مانگنے کا مطالبہ کیا گیا تھا، رواں برس مارچ میں اخبار نے شہباز شریف کے ہتک عزت کے مقدمے کا 50 صفحات پر مشتمل جواب جمع کرایا تھا۔

کنگز بینچ ڈویژن کے جسٹس نیکلن کی جانب سے 9 نومبر کو جاری کردہ ایک حکم نامے کے مطابق شہباز شریف اور علی عمران یوسف کی کیس کی کارروائی پر حکم امتناع کی درخواست کو عدالت نے مسترد کر دیا۔حکم نامے میں کہا گیا کہ عدالت یہ مطالبہ کرتی ہے کہ شہباز شریف اور ان کے داماد علی عمران یوسف برطانوی اخبار کے پیش کردہ دفاع کا جواب دیں اور حکم امتناع کی درخواست کے لیے برطانوی اخبار کی جانب سے اس سے پہلے کی قانونی چارہ جوئی کی قیمت بھی ادا کریں۔

شہباز شریف کو 23 نومبر تک مدعا علیہ کو 30 ہزار پاؤنڈ کی رقم ادا کرنے کا حکم دیا گیا ہے۔عدالت نے مزید کہا کہ شہباز شریف اور ان کے داماد دونوں کو برطانوی اخبار کی جانب سے پیش کردہ دفاع کے نئے جوابات داخل کرنا ہوں گے، اگر یہ جوابات سی پی آر پی ڈی 53 بی پیراگراف 4.7 کے تحت مقرر کردہ قواعد کے مطابق نہ ہوئے تو انہیں مسترد کر دیا جائے گا۔مذکورہ قواعد کے مطابق شہباز شریف اور ان کے داماد کو برطانوی اخبار کی جانب سے جمع کروائے گئے جواب کے ہر پہلو کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے جوابات دینے ہوں گے۔

دریں اثنا وزیراطلاعات مریم اورنگزیب نے دعویٰ کیا کہ برطانوی اخبار اپنے صحافی ڈیوڈ روز کی جانب سے وزیر اعظم نواز شریف پر عوامی فنڈز کے مبینہ خوردبرد سے متعلق ایک مضمون میں لگائے گئے الزامات کو ثابت کرنے میں ناکام رہا، اب اس اخبار کو قانون کا سامنا کرنا ہوگا۔مریم اورنگزیب کے مطابق ہتک عزت کے مقدمے کی سماعت دسمبر 2023 میں ہوگی، جج نے کیس کی اگلی سماعت کے لیے 13 دسمبر کی تاریخ مقرر کی ہے اور اسی تاریخ تک الزامات پر جواب جمع کرانے ہوں گے۔

Related Articles

Back to top button