عمران اوراعظم خان کی لیک آڈیو کا فرانزک کرانے کا اعلان

حکومت نے تحریک انصاف کے چیئرمین اور سابق وزیر اعظم عمران خان اوران کے پرنسپل سیکرٹری اعظم خان کی آڈیو لیک کا فرانزک آڈٹ کرانے کا اعلان کیا ہے۔
وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے وفاقی کابینہ کے اجلاس کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا عمران خان کا ہر قدم اور ہپر عمل اس ملک کے نقصان کے لیے ہے، یہ ملک کو تقسیم اور نوجوان نسل کو گمراہ کرکے اپنی سیاست کررہا ہے۔
انہوں نے کہا عمران خان کہتا ہے کہ یہ حکومت امریکی سازش سے وجود میں آئی حالانکہ اس کی حکومت عدم اعتماد کی وجہ سے گئی ہے، عمران خان تو خود بہت ایکسپوزڈ آدمی ہے یہ کیا دوسروں کو ایکسپوز کرے گا، آڈیو لیک سے صاف ظاہر ہوگیا ہے کہ انھوں نے سازش کی، ہم اس آڈیو کا فرانزک آڈٹ کروانے جارہے ہیں۔
وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ عمران خان نے 4 سال میں پاکستان کو ناقابل تلافی نقصان پہنچایا، انہوں نے قوم کو معاشی اور اخلاقی محاذ پر بھی نقصان پہنچایا، عمران خان سیاسی فتنہ ہے اسے سیاسی طریقے سے ختم کریں گے۔