عمران خان اور ان کی کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا

عمران خان اور ان کی کابینہ ، مشروں اور معاونین خصوصی کو ڈی نوٹیفائی کر دیا گیا۔ کیبنٹ ڈویژن کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کردیا گیا ہے۔
کابینہ ڈویژن نے وزارت پارلیمانی امور اور وزارت قانون سے مشاورت کے بعد عمران خان اور ان کی 52 رکنی کابینہ کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے، ڈی نوٹیفائی ہونے والے وزراء کی تعداد 25 ہے اور فارغ ہونے والوں میں 4 وزرائے مملکت اور 4 مشیر بھی شامل ہیں، سابق وزیراعظم عمران خان کے 19 معاونین خصوصی بھی فارغ ہوگئے ہیں۔
یاد رہے کہ عمران خان 3 سال 7 ماہ 21 دن تک وزارت عظمیٰ کے منصب پر فائز رہے۔ عمران خان پارلیمانی تاریخ کے پہلے وزیراعظم ہیں جنہیں باقاعدہ آئینی طریقہ کار کے تحت عدم اعتماد کی قرارداد کے ذریعے اپنے عہدے سے ہٹایا گیا۔ اس سے قبل 1989ء میں بے نظیر بھٹو کے خلاف تحریک عدم اعتماد لائی گئی جو ناکام رہی اس کے بعد 2006ء میں سابق وزیراعظم شوکت عزیز کے خلاف بھی اپوزیشن کی تحریک عدم اعتماد ناکام رہی۔