عمران خان کا مذاق اڑانے پر ریحام خان تنقید کی زد میں


عمران خان کی سابق اہلیہ ریحام خان اہنے سابق شوہر عمران خان کیخلاف تنقید کا کوئی موقع ہاتھ سے جانے نہیں دیتیں، ایسے وقت میں کہ جب عمران خان کیخلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونے والی تھی، ریحام خان بھی وہاں جا پہنچیں۔ انہوں نے مہمانوں کی گیلری سے خوب مزے لے لے کر ویڈیوز بنائیں اور سوشل میڈیا پر وائرل کردیں۔ ایسی ہی ایک ویڈیو میں ریحام یہ کہتے ہوئے سنی گئیں کہ نیازی کدھر ہو تم، ڈر گئے ہو کیا؟
ریحام خان کی یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر سامنے آنے کے بعد جہاں عمران خان کے مخالفین نے اس کا مزہ لیا وہیں پی ٹی آئی اراکین، سوشل میڈیا صارفین اور شوبز شخصیات کی بڑی تعداد نے ریحام کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے انہیں بد بخت اور بے رحم سابق شریک حیات بھی قرار دیا۔
تاہم ریحام خان نے یہ تنقید سختی سے مسترد کر دی ہے اور کہا ہے کہ عمران خان کے حمایتیوں نے اس کا اصل چہرہ نہیں دیکھا۔ یاد رہے کہ ریحام اور عمران نے 2014 کے اختتام میں شادی کی تھی، لیکن ان کے درمیان اکتوبر 2015 میں طلاق ہو گئی تھی، رشتہ ختم ہونے کے بعد بھی عمران کے خلاف بات کرنے پر ریحام خان کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا رہا ہے۔ 9 اپریل کو بھی جب قومی اسمبلی میں وزیراعظم کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ سے پہلے ریحام نے ایک ویڈیو میں عمران سے پوچھا کہ کیا وہ بھاگ گئے ہیں تو سوشل میڈیا صارفین نے ان پر تنقید شروع کردی۔ ریحام خان نے قومی اسمبلی کے ہال سے بنائی گئی مختصر ویڈیو کے آخر میں ’کدھر ہو نیازی، ڈر گئے کیا؟‘ کا جملہ بولا تھا، جس پرعمران کی مداح شوبز شخصیات کو بُرا لگا اور ریحام کو خوب تنقید کا نشانہ بنایا۔
متعدد شوبز شخصیات نے ریحام کے خلاف یوتھیوں والے نفرت آمیز کمنٹس کرتے ہوئے ان کے لیے ’’بد بخت سابق بیوی‘‘، ’’زہر‘‘، ’’سانپ‘‘، ’’بے رحم‘‘، سابق شوہر کی عزت نہ کرنے والی جیسے الفاظ استعمال کیے۔ ریحام خان کی ویڈیو پر ایمن خان، منیب بٹ، فیروز خان، نادیہ حسین اور عدیل چوہدری سمیت دیگر شخصیات نے کمنٹس کیے، ریحام کی وائرل ویڈیو پر عام لوگوں نے بھی کمنٹس کیے، جہاں لوگوں نے ان کے خلاف نامناسب زبان کا استعمال کیا، وہیں کئی افراد نے ان کی تعریفیں بھی کیں۔
اس سے قبل ریحام خان نے عمران خان کی حمایت کرنے والی شوبز شخصیات پر تنقید کی تھی اور کہا تھا کہ اداکاروں کو ان کے آرٹ کی وجہ سے عزت ملتی ہے، انہیں ایک فاشسٹ حکومت کی حمایت نہیں کرنی چاہئے۔ یاد رہے کہ ریحام خان کچھ مہینوں سے پاکستان میں ہیں اور ملک بھر کے دورے کر رہے ہیں۔

Related Articles

Back to top button