عمران پاکستان کا سب سے بڑا  لٹیرا کیوں کہلاتا ہے؟

پاکستان کے پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی 190 ملین ڈالر کی منی لانڈرنگ کا سراغ لگانا برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کی سب سے بڑی کارروائی تھی جبکہ اتنی بڑی رقم کی منی لانڈرنگ کی ریکوری پاکستان کی تاریخ میں کبھی نہیں ہوئی پاکستان سے لوٹی گئی اس رقم کو قومی خزانے میں جمع کرانا چاہئے تھا نہ کہ کسی کے ذاتی اکائونٹ میں۔

عمران خان کے القادر یونیورسٹی اسکینڈل سے برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی بھی شدید دلبرداشتہ ہے کہ پاکستان کیسا ملک ہے جس کی لوٹی ہوئی دولت جب ہم نے واپس لوٹائی تو یہ رقم اُسی شخص کے اکائونٹ میں منتقل کر دی گئی جس نے پاکستان سے لوٹ کر برطانیہ منتقل کی تھی۔ یہ معلومات کالم نگار اور پاکستان کے اعزازی سفیر مرزا اشتیاق بیگ اپنی ایک تحریر میں دی ہیں۔

وہ لکھتے ہیں کہ ’’نائن الیون‘‘ کو امریکہ اور ’’نائن فائیو‘‘ کو پاکستان کی تاریخ میں کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا، پاکستان میں اس دن سیاست کے نام پر پی ٹی آئی رہنمائوں اور کارکنوں نے جس دہشت گردی کا مظاہرہ کیا، وہ ملکی تاریخ کا ایک سیاہ باب ہے۔ دہشت گردی کے یہ واقعات اس وقت پیش آئے جب چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو نیب نے القادر ٹرسٹ کیس میں گرفتار کیا مگر شاید اس کیس کی تفصیلات سے بہت کم لوگ آشنا ہیں۔

مرزا اشتیاق بیگ بتاتے ہیں کہ 2018 میں پی ٹی آئی کے دور حکومت میں برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی (NCA) نے منی لانڈرنگ تحقیقات کے نتیجے میں پاکستان کے ایک نامور پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کے برطانیہ میں مختلف اکائونٹس میں 190 ملین پائونڈز کی رقم کا سراغ لگایا جو مبینہ طور پر پاکستان سے غیر قانونی طور پر برطانیہ منتقل کی گئی تھی اور یہ رقم NCA کے مطابق اُسی ملک کو واپس کی جاتی ہے جہاں سے لوٹی گئی ہو۔ ہونا تو یہ چاہئے تھا کہ اس رقم کو پاکستان کے قومی خزانے میں منگوایا جاتا مگر یہ رقم سپریم کورٹ کے اُس اکائونٹ میں جمع کرادی گئی جہاں سپریم کورٹ نے پراپرٹی ٹائیکون کو زمینوں کی خریداری میں ہیرا پھیری پر 460 ارب روپے سے زائد کا جرمانہ جمع کرانے کا حکم دے رکھا تھا۔

حیران کن بات یہ ہے کہ اس فراڈ پر پردہ ڈالنے  کیلئے اس وقت کے وزیراعظم عمران خان نے 3 دسمبر 2019 کو کابینہ اجلاس میں ایک بند لفافہ لہراتے ہوئے یہ کہہ کر منظوری حاصل کی کہ ’’اس لفافے کو کھولنا اور اس پر بحث کرنا ملکی مفاد میں نہیں۔‘‘ اس طرح 190 ملین پائونڈز کی یہ رقم قومی خزانے میں جانے کے بجائے اُسی پراپرٹی ٹائیکون کے اکائونٹ میں منتقل ہوگئی ،جس نے یہ رقم ملک سے لوٹی تھی۔ بعد ازاں یہ انکشاف سامنے آیا کہ پراپرٹی ٹائیکون نے اس سہولت  کےعوض 60 ایکڑ زمین، جس کی مالیت اس وقت ساٹھ  ارب روپے بنتی تھی، پہلے عمران خان کے قریبی دوست زلفی بخاری کے نام ٹرانسفر کی اور بعد ازاں القادر ٹرسٹ ،جس کے ٹرسٹیز میں عمران خان اور بشریٰ بی بی شامل ہیں، کے قیام کے بعد اس قیمتی زمین کو زلفی بخاری سے لے کر ٹرسٹ کے نام پر ٹرانسفر کرالیا گیا۔

مرزا اشتیاق بیگ لکھتے ہیں کہ اطلاعات کے مطابق اس پورے معاملے میں عمران خان حکومت کے مشیر احتساب شہزاد اکبر بھی ملوث تھے جنہوں نے سہولت کاری کےعوض پراپرٹی ٹائیکون سے 2 ارب روپے بٹورے جبکہ اس بہتی گنگا سے آئی ایس آئی کے سابق سربراہ فیض حمید بھی مستفید ہوئے جنہوں نے سہولت کاری کے عوض 4 ارب روپے ہتھیائے جس کا انکشاف گزشتہ دنوں پی ٹی آئی کے سابق وفاقی وزیر فیصل واوڈا نے کیا۔ نیب کے پاس اس تمام غیر قانونی کام کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں جس کی بنیاد پر نیب نے اختیارات کے مبینہ غلط استعمال اور برطانیہ سے 190 ملین پائونڈ فراڈ کے کیس کی انکوائری شروع کی اور عمران خان، بشریٰ بی بی، شہزاد اکبر اور پراپرٹی ٹائیکون کے خلاف انکوائری کو انویسٹی گیشن میں تبدیل کر دیا مگر کئی مرتبہ طلبی کے نوٹس کے باوجود عمران خان اور دیگر شخصیات نیب میں پیش نہ ہوئیں۔

عمران خان اور دوسرے سیاستدانوں میں فرق ہے کہ دوسرے سیاستدانوں کو کرپشن کیس میں نیب نے گرفتار کیا تو وہ نیب میں پیش ہوئے، اپنے اوپر لگائے گئے الزامات کا سامنا کیا اور قید و بند کی صعوبتیں بھی برداشت کیں مگر عمران خان نے 9 مئی کو دہشت گردی کا مظاہرہ کرواکے یہ پیغام دے دیا کہ وہ احتساب سے مبرا ہیں اور ان کے خلاف کسی کارروائی کی ریاست کو بھاری قیمت چکانا ہوگی۔

مرزا اشتیاق بیگ کہتے ہیں کہ عمران خان بیرون ملک سے لوٹی ہوئی دولت وطن واپس لانے کا بیانیہ لے کر اقتدار میں آئے تھے لیکن جب برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی نے پاکستان سے لوٹی ہوئی 190 ملین پائونڈز کی دولت کا سراغ لگایا تو یہ عمران خان کیلئے اپنے وعدے کی تکمیل کا سنہری موقع تھا مگر افسوس کہ یہ وعدہ ان کے لالچ کی نذر ہوگیا۔ عمران خان خود کو ہمیشہ کرپشن سے پاک قرار دیتے آئے اور ان کا یہ دعویٰ تھا کہ پاکستان میں ان کے سوا تمام سیاستدان کرپٹ ہیں مگر القادر ٹرسٹ کیس نے ان کے اس دعوے کی قلعی کھول دی ہے۔ عمران خان کو یہ معلوم ہونا چاہئے کہ اب القادر ٹرسٹ کیس کا معاملہ جلائو گھیرائو سے حل نہیں ہوگا بلکہ انہیں قانون کا سامنا کرنا پڑے گا تاکہ پاکستان کی تاریخ کے سب سے بڑے اسکینڈل اور ’’عجب کرپشن کی غضب کہانی‘‘ کے کردار بے نقاب ہو سکیں۔

Related Articles

Back to top button