فرح نے بشریٰ کے لیے ملک ریاض سے ہیرے کی انگوٹھی مانگی

سابق وزیر اعظم عمرا ن خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کی فرنٹ پرسن فرح گوگی اور پراپر ٹی ٹائیکون ملک ریاض کی بیٹی امبر ریاض کی مبینہ آڈیو کال منظر عام پر آ گئی۔ جس میں فرح خان کی طرف سے سابقہ خاتون اول بشری بی بی کیلئے ہیرے کی انگوٹھی کے تقاضے بارے گفتگو سنی جا سکتی ہے۔

نجی ٹی وی سما کے مطابق امبر ریاض اورفرح گوگی کی ٹیلی فونک گفتگو میں سنا جا سکتا ہے کہ فرح گوگی نے کام کے بدلے میں ملک ریاض کی بیٹی امبر ریاض سے سابق وزیر اعظم عمران خان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کیلئے ہیرے کی انگوٹھی مانگ رہی ہیں۔فرح نے کہا کہ وہ خاتون اول ہے، تم دے کیا رہی ہو اور فرمائش کی کہ بی بی کو 3 نہیں 5 کیرٹ کے ہیرے کی انگوٹھی چاہیے، جس پر امبر ریاض نے کہا کہ آپ مجھے 3 کیرٹ والی انگوٹھی واپس بھیج دیں، میں 5کیرٹ کی بھیج دیتی ہوں۔

گفتگو میں اس پر ملک ریاض کو یہ کہتے سنا جا سکتا ہے کہ پہلےبتانا تھا، فرح کو کہو کہ تصویر بھیج دے۔

آڈیو ٹیپ میں امبر ریاض نے فرح گوگی سے شکایت کی کہ 4 دن لے لئے، لیٹر بھی نہیں آیا ، تالے بھی لگے ہیں، جس پر فرح گوگی نے امبر کو یقین دہانی کرائی کہ لیٹر جلد مل جائے گا ، عمران خان نے یقین دہانی کرائی ہے۔

آڈیو کال لیک ہونے کے بعد سوشل میڈیا پر فرح خان اور بشری بی بی کو تنقید کا نشانہ بنایا جا رہا ہے۔

خیال رہے کہ کچھ روز قبل ملک ریاض کی سابق صدر آصف زرداری سے ہونے والی آڈیو کال بھی لیک ہوئی تھی جس میں ملک ریاض عمران خان کو این آر او دلوانے کیلئے سابق صدر آصف زرداری کی منتیں کر رہے تھے۔

Related Articles

Back to top button