لاڈلا پلس والوں کو سلیکشن چاہیے،حسن مرتضیٰ کی ن لیگ پر تنقید

پیپلزپارٹی وسطی پنجاب کےجنرل سیکرٹری حسن مرتضیٰ نے مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ نوازشریف سلیکشن فیلڈکلیئر ہونےکی آس میں مینارپاکستان پراترے ، لاڈلا پلس والوں کو الیکشن نہیں سلیکشن چاہیے۔
گزشتہ روز لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے (ن) لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا تھا کہ (ن) لیگ کی انتخابی مہم کا آغاز 21 اکتوبر کو ہوچکا ہے،لیول پلیئنگ فیلڈکا ابھی سے رونا ظاہر کرتا ہےکہ عوام نے 21 اکتوبر کو نواز شریف کے حق میں فیصلہ دے دیا ہے۔
مریم اورنگزیب کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے حسن مرتضیٰ ٰ نے کہا کہ لیول پلیئنگ فیلڈ اورالیکشن ڈیٹ مانگی جائے توجواب (ن) لیگ کال سینٹر سے آتاہے۔انہوں نے کہا کہ سلیکشن کی چاہت میں نوازشریف نے الیکشن کی تاریخ کامطالبہ کرنا بھی مناسب نہیں سمجھا، ابھی تو نواشریف کا الیکشن لڑنا بھی ایک سوالیہ نشان ہے، وزیراعظم بننا تو دورکی بات ہے۔نواز شریف سلیکشن فیلڈکلیئر ہونےکی آس میں مینارپاکستان پر اترے، لاڈلاپلس والوں کو الیکشن نہیں سلیکشن چاہیے، نواز شریف کو اسٹیج پربجلی کا بل اورپیٹرول کی رسیدیں پکڑ کر اسحاق ڈار اور دیگرسے 16 ماہ کا حساب مانگنا چاہیے تھا۔