نواز اور شہباز کے بعد حمزہ اور مریم بھی گلوکار نکلے


یہ بات تو سبھی جانتے ہیں کہ سابق وزیراعظم نواز شریف اور ان کے چھوٹے بھائی شہباز شریف اچھی موسیقی سننے کے شوقین ہونے کے علاوہ خود بھی اچھا گنگنا لیتے ہیں، لیکن یہ کوئی نہیں جانتا تھا کہ نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز اور شہباز شریف کے صاحبزادے حمزہ شہباز بھی اچھے سر لگا لیتے ہیں۔ یہ حقیقت لوگوں پر تب آشکار ہوئی جب سوشل میڈیا پر مریم نواز اور حمزہ شہباز کے گانے کی ویڈیوز وائرل ہوگئیں۔ دونوں نے جنید صفدر کی شادی کے ایک فنکشن میں 5 دسمبر کی رات کو اپنی آوازوں کے سر بکھیرے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے جنید صفدر نے اپنی منگنی کے فنکشن پر لندن میں اپنی آواز کا جادو جگایا تھا جس کی ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھیں۔
اس وقت سوشل میڈیا پر مریم نواز اور حمزہ شہباز دونوں کی گانا گاتی ویڈیوز وائرل ہیں۔ اپنے بیٹے کی شادی کی خوشی مناتے ہوئے مریم نواز نے جو بھارتی گانا گایا وہ ‘تم دینا ساتھ میرا اور میرے ہمنوا’ تھا۔ حمزہ شہباز نے جو گانا گایا اس کے بول تھے ‘سہانی چاندنی راتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں، تمہارے پیار کی باتیں ہمیں سونے نہیں دیتیں’۔
مریم اور حمزہ کی گلوکاری پر سوشل میڈیا پر کہیں ان کی تعریف ہوئی تو کسی نے اسے شریف خاندان کی مہارتوں میں سے ایک قرار دیا۔ لوگوں نے سوشل ٹائم لائنز پر مریم نواز اور حمزہ شہباز کے گانوں کی ویڈیوز شیئر کرتے ہوئے انہیں خوب داد دی۔ اس دوران کئی سوشل میڈیا صارفین نے دونوں کی گلوکاری کا موازنہ بھی کیا اور مریم نواز کو حمزہ سے زیادہ نمبر دیے۔
کئی سوشل میڈیا صارفین نے لکھا کہ جنید صفدر کے بعد انکی والدہ مریم اور انکے ماموں حمزہ شہباز کی گانے میں مہارت دیکھ کر لگتا ہے کہ گلوکاری شریف خاندان میں رچی بسی ہے۔ یاد رہے کہ اس سے پہلے گذشتہ برس سوشل میڈیا پر شہباز شریف کی بھی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ ایک تقریب کے دوران گلوکار سے مائیک لے کر گانا گانے لگتے ہیں۔ کہا جاتا ہے کہ میاں نواز شریف بھی بہت اچھا گا لیتے ہیں لیکن اب تک ان کی ایسی کوئی ویڈیو مارکیٹ نہیں ہو پائی۔
یاد رہے کہ کچھ عرصہ قبل مریم صفدر کے صاحبزادے جنید صفدر کی بھی ایسی ہی ایک ویڈیو وائرل ہوئی تھی جس میں وہ لندن میں اپنے نکاح کے بعد ایک تقریب میں انڈین گلوکار محمد رفیع کا ایک گانا گنگنایا تھا۔ جنید صفدر کی شادی کے سلسلے میں جاری تقریبات کے دوران حمزہ شہباز نے مریم نواز، کیپٹن صفدر سمیت خاندان اور پارٹی کی متعدد اہم شخصیات کی موجودگی میں اپنی گلوکاری کی صلاحیت کا مظاہرہ کیا تو وہ ’چاندانی راتوں‘ کے تذکرے تک محدود نہیں رہے بلکہ ’ہمیں تم سے پیار‘ ہے بھی گنگنایا۔ بیٹے کی شادی کے سلسلے میں منعقدہ تقریب کے دوران مریم نواز کے گنگنانے کا ایک کلپ بھی سوشل ٹائم لائنز پر شیئر کیا جاتا رہا جس کے پس منظر میں آواز تو ہے تاہم مریم نواز کو خود گاتے ہوئے دیکھا نہیں جا سکتا۔ چند روز قبل مسلم لیگ ن کی ترجمان مریم اورنگزیب کی جانب سے کہا گیا تھا پارٹی کی نائب صدر مریم نواز اپنے بیٹے جنید صفدر کی شادی کی تقریبات کی وجہ سے 15 روز کے لیے سیاسی سرگرمیوں سے دور رہیں گی۔
خیال رہے کہ جنید صفدر اور عائشہ سیف کا نکاح لندن میں 22 اگست کو ہوا تھا جس میں ان کے نانا، سابق وزیراعظم تو شریک تھے تاہم والدہ مریم نواز اور والد کیپٹن صفدر دونوں ہی شریک نہیں ہو سکے تھے۔جنید صفدر کی جانب سے انسٹاگرام پر اپنے ولیمے کا کارڈ بھی شیئر کیا گیا جس میں ان کی اور اہلیہ عائشہ سیف کی تصاویر کے ساتھ ولیمے کی تاریخ بھی درج ہے۔

Related Articles

Back to top button