مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم کا مل کر انتخابات لڑنے کااعلان

مسلم لیگ ن اور ایم کیو ایم نے عام انتخابات مل کر لڑنے کااعلان کردیا۔

سابق وزیراعظم شہبازشریف کی دعوت پر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں ایم کیو ایم کے وفد نے رائیونڈ میں مسلم لیگ ن کے قائد میاں نواز شریف سے ملاقات کی۔
ایم کیو ایم کے وفد میں خالد مقبول صدیقی، فاروق ستار اور مصطفیٰ کمال شامل تھے جب کہ (ن) لیگ کی طرف سے ملاقات میں شہباز شریف، مریم نواز، خواجہ سعد رفیق اور پرویز رشید بھی شریک ہوئے۔ذرائع کے مطابق ایک گھنٹے سے زائد کی اس ملاقات میں عام انتخابات، انتخابی اتحاد اور موجودہ سیاسی صورتحال پر گفتگو کی گئی جب کہ اس دوران پاکستان کے عوام کو معاشی دلدل سے نکالنے پر بھی تبادلہ خیال کیا۔
ایم کیو ایم کے ذرائع کے مطابق نواز شریف نے سندھ کی ابترصورتحال، مردم شماری اور حلقہ بندیوں پر ایم کیو ایم کے مؤ قف کی تائید کی۔
دوسری جانب ملاقات کے بعد مسلم لیگ (نٌ) کے رہنما ایاز صادق نے ماڈل ٹاؤن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جو مطالبات آرہے ہیں وہ پاکستان کی بہتری کے لیے آرہے ہیں، ایم کیو ایم کا وفد ملا ہے اور لوگ بھی ملنا چاہ رہے ہیں، پاکستان کے مفاد کے لیے ہم اکٹھےہوں گے۔
اس دوران صحافی نے سوال کیا کہ بلاول بھٹو نے کہا کہ وزیراعظم لاہور سے نہیں ہو گا، اس پر ایاز صادق نے جواب دیا کہ لاہور سے نہیں ہوگا یہ خواہش تو ہوسکتی ہے، ہر جماعت کی اپنی خواہش ہوتی ہے کہ کون کہاں سے ہو ہم نواز شریف کو وزیراعظم دیکھ رہے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کاکہنا تھاکہ ایم کیو ایم کے ساتھ عام انتخابات میں سیاسی اتحاد ہوگا۔دونوں جماعتیں مل کر انتخابات میں حصہ لیں گے۔

فاروق ستار کاکہنا تھا کہ قومی اتفاق رائے ساتھ مل کر چلنے سے ہوگا ۔کوئی ایک جماعت ملک کے مسائل حل نہیں کر سکتی۔

ن لیگ اور ایم کیو ایم قیادت میں ملاقات کے بعد مشترکہ اعلامیہ بھی جاری کردیاگیا۔ایم کیو ایم کے وفد نے مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف اور صدر ن لیگ شہبازشریف سے ملاقات کی ۔ملاقات میں پاکستان کی ترقی کیلئے مشترکہ حکمت عملی اختیار کرنے پر اتفاق ہوا ۔ملک کو مسائل سے نکالنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل بنایا جائے گا۔ن لیگ اورایم کیو ایم نے 6رکنی کمیٹی قائم کرنے کا فیصلہ کیا ۔کمیٹی سندھ کے علاقوں کے مسائل کے حوالے سے تجاویز دے گی ۔کمیٹی دونوں جماعتوں کے اشتراک سے اپنی تجاویز 10روز میں پیش کرے گی۔

Related Articles

Back to top button