ممنوعہ فنڈ نگ کیس میں PTI کاعبوری جواب جمع

تحریک انصاف نے ممنوعہ فنڈ کیس میں الیکشن کمیشن میں عبوری جواب جمع کروا دیا۔

الیکشن کمیشن میں پی ٹی آئی ممنوعہ فنڈ ضبطگی کیس کی سماعت ہوئی۔ تحریک انصاف نے عبوری جواب جمع کرواتے ہوئے مکمل جواب کے لئے 8 ہفتے کا وقت مانگ لیا۔

تحریک انصاف کے وکیل نے موقف اختیارکیا کہ 10 سالہ پرانا ریکارڈ ہے جو بیرون ممالک سے منگوایا گیا ہے۔کئی پاکستانی شہریوں کو غیرملکی قرار دیا گیا ہے۔ کمیشن نے پی ٹی آئی یو ایس اے کو بھی غیرملکی کمپنی قرار دیا ہے۔ مزید ریکارڈ آ جائے تو کمیشن کے ہر سوال کا جواب دے سکیں گے۔ جہاں اتنا وقت گزرا ہے مزید دو ماہ بھی دیدیں۔

سماعت کے دوران چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ پہلے بھی ہفتوں کی بات کرتے کرتے 8 سال لگ گئے ہیں۔ چار ہفتے سے زیادہ کا وقت نہیں دے سکتے۔

چیف الیکشن کمشنر کا مزید کہنا تھا کہ کہ امریکا میں رجسٹرڈ کمپنی غیرملکی کمپنی ہی ہوگی۔ امریکی قانون کے ساتھ پاکستانی قانون پر بھی عمل کرنا ہے۔ اگر فیصلے پر اعتراض ہے تو اسے چیلنج کر دیں۔ فیصلے میں کوئی غلطی ہے تو اسکی تصحیح کرسکتے ہیں۔

جس کےبعد الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کے وکیل کی درخواست پر سماعت 6 نومبر تک ملتوی کردی۔

Related Articles

Back to top button