نیب افسران، اہلخانہ، رشتے داروں کے اثاثے ڈیکلیئر کرنے کا حکم

نور عالم خان کی زیر صدارت پبلک اکاؤنٹس کمیٹی اجلاس کے دوران نیب افسران، ان کے بچوں، بہن، بھائیوں اور والدین کے اثاثے ڈیکلیئرٓ کرنے کا حکم دیدیا گیا، نیب افسران کی تنخواہوں اور مراعات کی تفصیلات جبکہ نیب افسران کے زیر استعمال گاڑیوں کی تفصیلات بھی طلب کر لی گئی ہیں۔قائم مقام چیئرمین نیب کی جان سے پی اے سی کو وصولیوں پر بریفنگ بھی دی گئی، قائم مقام چیئرمین نیب نے بتایا کہ ایڈن ہاؤسنگ اسکیم سے پلی بارگین کی منظوری گزشتہ روز عدالت سے لی گئی۔
چئیرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ جو سوالنامہ آپ دیگر ملزموں کو بھجواتے ہیں وہی اپنے تمام قریبی رشتہ داروں کو بھی بھیجیں، سلیم مانڈوی والا نے کہا کہ نیب کا دعویٰ ہے کہ اب تک 820 ارب روپے کی ریکوریاں کی گئیں ۔
نور عالم خان نے کہا کہ جو رقم نیب کے پاس آئے گی اس کا آڈٹ ضرور کیا جائے گا، نیب جو بھی وصولیاں کرتا ہے وہ قومی خزانے میں جمع ہونی چاہئیں، جو ادارہ حکومت کا ایک پیسہ بھی لے گا، اس کا آڈٹ ضرور ہوگا۔
قائم مقام چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کا ایک ہی اکاؤنٹ ہے جس میں تمام وصولیوں کی رقم رکھی جاتی ہے، نیب ایک روپیہ بھی اپنے پاس نہیں رکھتا۔پی اے سی نے نیب وصولیوں اور رقوم کی تقسیم کا مکمل آڈٹ کرنے کا حکم دیا جبکہ حکم دیا کہ نیب کے بینک اکاؤنٹ کا مکمل آڈٹ کیا جائے۔
قائم مقام چیئرمین نیب ظاہر شاہ نے بتایا کہ کراچی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں اربوں روپے کا ناجائز فائدہ سپانسرز کو پہنچایا گیا، نیب نے سپریم کورٹ کے توسط سے نجی ہاؤسنگ سوسائٹی سے اربوں روپے کی ریکوری کی، سکھر سے نیب نے کروڑوں روپے کی چوری شدہ گندم برآمد کی، کچھ وصولیاں بلاواسطہ اور کچھ بلواسطہ ہوتی ہیں، آڈیٹر جنرل جب بھی نیب کے اکاؤنٹس کا آڈٹ کرنا چاہے کر سکتا ہے۔
پی ٹی آئی کے سینیٹر شبلی فراز نے کہا کہ نیب قانون میں جو تبدیلیاں کی جا رہی ہیں، ان کے بعد نیب کا کیا اسٹیٹس ہوگا، کیا نیب آزادانہ طور پر کام کر سکے گا، جس پر قائم مقام چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب نے صرف قانون پر عمل کرنا ہے، قانون سازی پر سوال اٹھانے کا نیب کو کوئی اختیار نہیں۔
چیئرمین پی اے سی نور عالم خان نے کہا کہ شبلی صاحب قانون سازی پر بات کرنی ہے تو سینیٹ یا قومی اسمبلی میں کریں، اداروں کا کام کرپشن کو روکنا ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے کہ جو حکومت میں نہیں رہا اس سے سیاسی انتقام لیا جائے۔

Related Articles

Back to top button