وزیراعظم آزاد کشمیرعبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دے دیا

آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردارعبدالقیوم نیازی نے استعفیٰ دے دیا ہے۔انہوں نے اپنا استعفیٰ پارٹی چیئرمین عمران خان کو ارسال کر دیا۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے کہا ہےکہ وزارت عظمیٰ آپ کی امانت تھی آج واپس کر رہا ہوں۔
خیال رہےکہ عبدالقیوم نیازی نے تمام حقائق سے عمران خان کو گزشتہ روز ملاقات میں اپنے خلاف سازش اور مبینہ ڈیل سے تفصیلی طور پر آگاہ کیا تھا۔
دریں اثنا وزیراعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد لانے والے چار وزراء و ایک مشیر کو عہدوں سے برطرف کر دیا۔ جن میں سینئر وزیر تنویر الیاس، عبدالماجد خان، خواجہ فاروق احمد، علی شان سوہنی و مشیر چوہدری محمد اکبر شامل ہیں، وزیراعظم ہاؤس نے چاروں وزراء و مشیر کی برطرفی کا باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔نوٹیفکیشن کے مطابق مذکورہ وزراء کو مس کنڈکٹ، بد عنوانی اور مشکوک سرگرمیوں کی وجہ سے برطرف کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ 11 اپریل کوآزاد کشمیر میں حکمران جماعت کے 25 ممبران قانون ساز اسمبلی نے وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار عبدالقیوم نیازی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔ سردار عبدالقیوم نیازی نے اپنے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع ہونے کے بعد پارٹی چیئرمین عمران خان سے ملاقات کی تھی جس میں انہوں نے عدم اعتماد کی تحریک کی محرکات اور اس کے پیچھے پس پردہ سازش سے پارٹی قائد کو آگاہ کیا تھا۔ پارٹی چیئرمین سے ملاقات کے بعد اب وزیر اعظم آزاد کشمیر نے بڑا ایکشن لیتے ہوئے حکومت کے سینئر وزیر سمیت چار وزراء و ایک مشیر کو برطرف کردیا ہے۔

Related Articles

Back to top button