پرویز الٰہی کیخلاف نیا مقدمہ درج، بیٹے، اہلیہ، بہو کی ضمانت منظور

پاکستان تحریک انصاف کے صدر پرویز الٰہی کیخلاف نیا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے جبکہ ان کے بیٹے، اہلیہ اور بہو کی ضمانت منظور کر لی گئی ہے۔
فرسٹ انفارمیشن رپورٹ (ایف آئی آر) کے متن کے مطابق پرویز الہٰی نے محمد خان بھٹی کو غیر قانونی طور پر پرنسپل سیکریٹری لگایا، پرنسپل سیکریٹری ٹو سی ایم کے طور پر کسی اسپیشل سروسز کے افسر کو نہیں لگایا جا سکتا، ایف آئی آر کے مطابق پرویز الہٰی نے مالی فائدے کے لیے محمد خان بھٹی کو سپیشل سیکریٹری لگایا۔
دریں اثنا اسلام آباد ہائیکورٹ نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الہٰی کی اہلیہ، بیٹے اور بہو کی لاہور کے مقدمے میں 7 دن کی حفاظتی ضمانت منظور کرلی، چیف جسٹس عامر فاروق نے اِن چیمبر سماعت کی، درخواست گزاروں کی جانب سے سردار عبدالرازق ایڈووکیٹ عدالت میں پیش ہوئے۔
عدالت نے پرویز الہٰی کی قیصرہ الہٰی، بیٹے راسخ الہٰی اور بہو زارا علی الہٰی کی 20، 20 ہزار کے مچلکوں کے عوض ضمانت منظور کی، پٹیشنرز کو 7 دنوں میں لاہور کی متعلقہ عدالت سے رجوع کرنے کا حکم دیتے ہوئے لاہور میں 19 جولائی 2023 کو درج مقدمے میں حفاظتی ضمانت منظور کی ہے، درخواست گزار کا عدالت میں کہنا تھا کہ درخواست گزاروں کو سیاسی انتقام کا سامنا ہے۔