پیٹرول، ڈیزل کی قیمتوں میں 32 روپے فی لیٹر اضافے کا امکان

وفاقی حکومت کی جانب سے ایک مرتبہ پھر پیٹرولیم مصنوعات میں بڑے اضافے کی اطلاعات مل رہی ہیں، امکان ہے کہ آج پیٹرولیم مصنوعات میں 32 روپے کا بڑا اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
آج رات سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 12.8 فیصد اضافہ متوقع ہے جب کہ نئی قیمتیں فروری کے اگلے 15 دنوں کے لیے موثر ہونگی۔
روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر اور پٹرولیم مصنوعات پر لگائے گئے ٹیکسوں کو دیکھتے ہوئے پٹرول کی قیمت32.07 روپے، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی 32.84 روپے فی لٹر تک بڑھائی جاسکتی ہے۔اسی طرح مٹی کے تیل کی قیمت میں 28.05 روپے ،لائٹ ڈیزل 9.90 روپے لیٹر تک مہنگا ہوسکتا ہے۔
اس وقت پٹرول کی قیمت 249.80 روپے لٹر جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل کی295 روپے لٹر، مٹی کے تیل کی 189.83 روپے جبکہ لائٹ ڈیزل کی 187 روپے فی لٹر ہے۔
ڈالر ریٹ اور اس پر لیوی کے حساب سے پٹرول کی نئی قیمت 281.87 روپے، ہائی سپیڈ ڈیزل کی 295.64 روپے ،مٹی کے تیل کی 217.88 روپے اور لائٹ ڈیزل کی 196.90 روپے فی لٹر تک جاسکتی ہے۔