PTI کی ضمنی الیکشن کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست مسترد

الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کی ضمنی الیکشن کی تاریخ آگے بڑھانے کی درخواست مسترد کر دی۔پی ٹی آئی کی جانب سے الیکشن کمیشن میں دائر درخواست میں استدعا کی گئی تھی کہ ضمنی الیکشن 16کی بجائے اتوار 19 مارچ کو کرائے جائیں۔
باوثوق ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی درخواست کا جائزہ لیکر مؤقف اپنایا کہ ہم 60 روز میں ضمنی الیکشن کرانے کے پابند ہیں، ضمنی الیکشن 16 کی بجائے 19 مارچ کو نہیں ہو سکتا، الیکشن کمیشن کی جانب سے صوبائی حکومتوں کو لکھا جائے گا ضمنی الیکشن کے روز 16 مارچ کو مقامی تعطیل کا اعلان کیا جائے۔
واضح رہے کہ 8 فروری کو تحریک انصاف کی جانب سے الیکشن کمیشن سے قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات 16 مارچ کی بجائے 19 مارچ کو کرانے کا مطالبہ کیا گیا تھا۔
رہنما پی ٹی آئی اسد عمر کی جانب سے سیکریٹری الیکشن کمیشن آف پاکستان کو لکھے گئے مراسلےمیں کہا گیا تھا کہ الیکشن کمیشن قومی اسمبلی کی 33 نشستوں پر ضمنی انتخابات کے انعقاد کاشیڈول جاری کر چکا ہے، الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات کے لیے جمعرات کا دن مقرر کیا ہے، ورکنگ ڈے پر پولنگ کروانے سے بڑی تعداد میں ووٹرز ووٹ کے حق سے محروم ہوسکتے ہیں۔
اسد عمر نے کہا تھا کہ اگر مقامی طور پر چھٹی کا فیصلہ کیاجاتا ہے تو بھی ٹرن آوٹ پر منفی اثر کے امکانات ہیں، الیکشن کے انعقاد کی تاریخ میں معمولی سی تبدیلی سے انتخابی عمل میں ووٹرز کی شرکت کی حوصلہ افزائی ہوگی، الیکشن کمیشن اپنے شیڈول پر نظر ثانی کرے اور جمعرات کی بجائے اتوار 19مارچ کو ان 33 حلقوں میں انتخاب کروائے۔