پی ٹی آئی کےلوگ کہہ رہے ہیں عمران خان پاگل ہے

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ ہم مشکل حالات پر رو نہیں رہے بلکہ بہتر کرنے کی پلاننگ کررہے ہیں، میڈیا معاملے کو سمجھے اور اس پر تنقید کرے جس نے معاملات خراب کیے، شیخ رشید نے بھی بارودی سرنگوں کا اعتراف کیا ہے، عمران کی اتحادی جماعت کے لوگ تسلیم کررہے ہیں، اس کی نااہلی کیوجہ سے ملکی معیشت آئی سی یو میں پہنچ گئی اور ملک اندھیروں میں ڈوب گیا۔

اسلام آباد ہائیکورٹ کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز کا کہنا تھاتحریک انصاف کا انقلاب اب عدالت عظمی ٰکی طرف دیکھ رہا ہے کہ وہ فیصلہ دے تو یہ تاریخ کا اعلان کریں، میں اس چیز کی مذمت کرتی ہوں کہ اداروں کو گندی سیاست میں گھسیٹنے کا سلسلہ ختم ہونا چاہیے۔

وزیر اعظم شہبا زشریف کی جانب سےانٹر سروس انٹیلی جنس (آئی ایس آئی) کو اختیارات دیے جانے سے متعلق سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں اس بات پر یقین رکھتی ہوں کہ آئی ایس آئی کا ادارہ وزیراعظم کے ماتحت کام کرتا ہے، اگر وزیراعظم نے اس طرح کا کوئی قدم اٹھایا ہے تو ظاہر ہے حکومتوں کو بہت کچھ کرنا پڑتا ہے، یہ ایک باقاعدہ طریقہ کار ہے، کس وقت کس ادارے سے کیا کام لینا ہے یہ وزیراعظم بہتر جانتے ہیں۔

انہوں نے کہاملک میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ آج کل زیر بحث ہے، عمران خان کہتے ہیں ان کی حکومت میں اضافی بجلی پیدا ہوئی تو کہاں ہے اضافی بجلی اور لوڈ شیڈنگ کیوں ہورہی ہے ، نواز شریف نے اپنے دور میں مستقبل کو مدنظر رکھتے ہوئے بجلی کے کارخانے چلائے تھے، عمران خان نے وہ کارخانے ہی بند کردیے، اب دوبارہ عمران خان کی نااہلی کی وجہ سے بند ہونے والے کارخانے آج چلائے جارہے ہیں، جس کے نتیجے میں پانچ ہزار میگاواٹ بجلی جلد سسٹم میں آجائے گی۔

نائب صدر ن لیگ نے کہا چار مہینے سے شیخ رشید کو علم تھا کہ عمران خان جارہے ہیں، پھر وہ غیرملکی خط اور سازش جھوٹ ثابت ہوئے، اس کے باوجود عوام کو نفرت کی آگ میں جھونک دیا گیا، آپ کے اپنے لوگ تسلیم کرتے کہ عمران خان ہماری سنتے نہیں، پی ٹی آئی کےسینئر رہنما کہہ رہے ہیں عمران خان پاگل ہیں ، تو پھر اسے ملک میں ہر جگہ فتنہ و فساد مچانے کی اجازت کیوں دی ہوئی ہے، میڈیا کو خدا کا واسطہ ہے کہ اس پاگل شخص کو جو ملک میں آگ لگانے پر تلا ہے اسے دکھانا کم کریں، اس پر بحث نہ کرائیں بلکہ عوامی مسائل پر گفتگو کریں۔

انکا کہنا تھابنی گالہ کو منی گالہ کہنا بے جا نہ ہوگا، اس نے صوبہ پنجاب کو فرح گوگی اور پیر صاحبہ کے حوالے کیا، لوگوں کو معلوم ہوگیا کہ پیسہ دو اور کام کراؤ ، ایک تالا کھلوانے کے لیے 5 قیراط کا ہیرا مانگا گیا، فرح کہہ رہی ہیں فرسٹ لیڈی ہیں کچھ تو خیال کرو 3 نہیں 5 قیراط کا ہیرا دو، پانچ کیرٹ کی انگوٹھی اپنے پیسوں سے لونگی،ملک ریاض نے پیسے دیے انہیں جوابدہ ضرور ہونا چاہیئے لیکن سوال حکمران سے ہونا چاہیے جس نے میرٹ کے بجائے پیسے دے کر کام کروانے کا کلچر پروموٹ کیا، سوال ان سے کیا جائے جس نے پورا صوبہ فرح گوگی کے حوالے کیا۔

انکا کہنا تھا کہ صحافیوں کی جانب سے ریٹائرڈ فوجیوں سے سوال کیا گیا لیکن وہ جواب دیے بغیر بھاگ گئے، مجھے یہ دیکھ کر بہت افسوس ہوا، اگر وہ اپنے ادارے سے وفادار نہیں ہیں اور کسی کہ کہنے پر ادارے میں تفریق پیدا کرنے کی کوشش کررہے ہیں تو انتہائی افسوسناک بات ہے،یہ نہیں ہونا چاہیے کہ عمران خان کے کہنے پر ریٹائرڈ افسران اس ادارے کو برا بھلا کہیں جس نے انہیں تمغے دیے، اگر آپ کو اتنا شوق ہے سیاست کا تو میرا مخلصانہ مشورہ ہے کہ اپنے نام کے ساتھ لگائے گئے رینکس، ٹائٹلز اور جو عزت آپ کو افواج پاکستان نے دی ہے وہ اتار پھینکیں، اسے ادارے کو واپس کریں اور کسی رینک کے بغیر جا کر کسی سیاسی جماعت سے اپنے تعلق کا اعلان کریں۔

مریم نواز نے پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت کے انتقال پر اظہار تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر عامر لیاقت کی رحلت سے متعلق ابھی پتا چلا، اللہ ان کے درجات بلند کرے، ان کا اگلا سفر آسان کرے اور ان کی بخشش فرمائے، ان کے اہل خانہ کے ساتھ میں دلی طور پر تعزیت کرتی ہوں۔

Related Articles

Back to top button