گوادر میں ’’حق دو تحریک‘‘ کا دھرنا 14ویں روز میں داخل

سمندر میں غیر قانونی ماہی گیری، سرحدی تجارت کی بحالی، سیکیورٹی چیک پوسٹوں کے خاتمے، لاپتہ افراد کی بازیابی اور منشیات کے اڈوں کے خاتمے کے لیے گوادر میں ’’حق دو تحریک‘‘ دھرنا 14ویں روز میں داخل ہو گیا ہے۔
دھرنا گوادر کے پورٹ روڈ وائی چوک پر دیا جا رہا ہے اور شرکا راتیں بھی سڑک پر گزار رہے ہیں- احتجاج میں سیاسی کارکن، ماہی گیر اور فنکار بھی شریک ہیں، روزانہ رات کو مقامی فنکار ثقافتی شوز اور سٹیج ڈرامے پیش کر کے احتجاج کو منفرد بنا رہے ہیں۔
’گوادر کو حق دو‘ تحریک نے گذشتہ سال 32 دنوں تک اسی مقام پر دھرنا دیا تھا اور 16 دسمبر 2021 کو وزیراعلٰی بلوچستان عبدالقدوس بزنجو سے مذاکرات کامیاب ہونے کے بعد احتجاج ختم کر دیا تھا۔
احتجاج کی قیادت کرنے والے مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا ہے کہ وزیراعلٰی نے ہمارے پانچ بڑے مطالبات پر ایک ماہ کے اندر عمل درآمد کرنے کی یقین دہانی کرائی تھی۔
‘ہمارے ساتھ تحریری معاہدہ بھی کیا، تاہم وزیراعلٰی نے وعدے کی پاسداری نہیں کی اس لیے ہم نے 11 ماہ بعد دوبارہ احتجاج شروع کر دیا ہے۔’
اردو نیوز سے بات کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی سمندری حدود میں غیر قانونی ماہی گیری اور ممنوعہ جالوں کا استعمال اب بھی جاری ہے جس سے نہ صرف مچھلیوں اور سمندری حیات کی نسل کشی ہو رہی ہے بلکہ گوادر کے مقامی ماہی گیر بھی بے روزگار ہو رہے ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمان کے بقول سرحدی تجارت کی بحالی اور اختیارات ایف سی سے لے کر ضلعی انتظامیہ کو دینے کا وعدہ بھی پورا نہیں کیا گیا، ان کا کہنا تھا کہ غیر ضروری سکیورٹی چیک پوسٹوں کو بھی ختم نہیں کیا گیا جبکہ لوگوں کی تذلیل بھی کی جارہی ہے۔
گذشتہ برس حق دو تحریک کے احتجاج کو ہزاروں کی تعداد میں خواتین کی شرکت کے باعث شہرت ملی تھی، تاہم رواں سال خواتین دھرنے میں شریک نہیں ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھا کہ آئندہ چند دنوں میں خواتین کی بڑی احتجاجی ریلی نکالی جائے گی، حق دو تحریک کو رواں سال مئی میں ہونے والے بلدیاتی انتخابات میں گوادر میں واضح اکثریت ملی تھی- احتجاج میں نومنتخب بلدیاتی نمائندے بھی شریک ہیں۔
مولانا ہدایت الرحمان کا کہنا تھا کہ بلدیاتی انتخابات کا اگلا مرحلہ اب تک مکمل نہیں کیا گیا جس کی وجہ سے ہماری ضلعی حکومت نہیں بن سکی، ضلعی حکومتوں کو فعال کرکے اختیارات دیے جائیں تو ہم بہت سے مسائل مقامی سطح پر حل کرسکیں گے، ان کا کہنا تھا کہ مطالبات پورے ہونے تک احتجاجی دھرنا جاری رکھا جائے گا۔

Related Articles

Back to top button