ہیلی کاپٹر حادثے پر بے حس حلقوں کی منفی مہم ناقابل قبول ہے

پاک فوج کے ترجمان میجر جنرل بابر افتخار نے کہا ہے لسبیلہ میں ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ اور توہین آمیز مہم چلائی جا رہی ہے جو ناقابل قبول اور شدید قابل مذمت ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ سے جاری بیان کے مطابق یکم اگست کو ہیلی کاپٹر حادثے کے حوالے سے منفی سوشل میڈیا مہم کے باعث شہدا اور اُن کے لواحقین کی دل آزاری ہوئی ہے، اس پر شہدا کے اہل خانہ اور افواجِ پاکستان کے افسران اور جوانوں میں شدید غم وغصہ اور اضطراب ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق اس مشکل اور تکلیف دہ وقت میں پوری قوم افواجِ پاکستان کے ساتھ کھڑی ہے لیکن کچھ بے حس حلقوں کی جانب سے سوشل میڈیا پر تکلیف دہ او ر توہین آمیز مہم جوئی کی گئی، یہ بے حس رویے ناقابل قبول اور شدید قابلِ مذمت ہیں۔

واضح رہےکہ یکم اگست کو بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں بارشوں کے باعث آنے والے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں میں مصروف پاک فوج کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا تھا جس میں کور کمانڈر سمیت 6 افراد سوار تھے،2 اگست کو بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے علاقے میں لاپتا ہوجانے والے فوجی ہیلی کاپٹر کا ملبہ مل گیا تھا جس میں اعلیٰ عسکری حکام سوار تھے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر نے ٹوئٹ میں بتایا تھا کہ ہیلی کاپٹر گر کر تباہ ہونے لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت تمام 6 افسران اور جوانوں نے جام شہادت نوش کیا، ابتدائی تحقیقات کے مطابق حادثہ خراب موسم کی وجہ سے پیش آیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق ہیلی کاپٹر بلوچستان کے علاقے لسبیلہ میں امدادی کارروائیاں انجام دے رہا تھا کہ اس دوران اس کا ایئر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہو گیا تھا۔

بیان میں بتایا گیا تھا کہ شہدا میں لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی، ڈائریکٹر جنرل پاکستان کوسٹ گارڈ بریگیڈیئر امجد حنیف، بریگیڈیئر محمد خالد، میجر سعید احمد، میجر محمد طلحہ منان اور نائیک مدثر فیاض شامل ہیں،12 کور کے سربراہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی بلوچستان میں سیلاب سے متعلق امدادی کارروائیوں کی نگرانی کر رہے تھے۔

یاد رہے کہ پیر کی رات ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک ٹوئٹ میں بتایا کہ اوتھل سے کراچی جاتے ہوئے آرمی ایوی ایشن کا ہیلی کاپٹر لاپتا ہوگیا ہے جس میں کور کمانڈر 12 کور سمیت 6 افراد سوار تھے اور ہیلی کاپٹر سے فلڈ ریلیف آپریشن کا معائنہ کررہے تھے۔

ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ہیلی کاپٹر کا ائیر ٹریفک کنٹرول سے رابطہ منقطع ہوگیا ہے جس کی تلاش کا آپریشن جاری ہے۔

Related Articles

Back to top button