آرمی چیف نے مجھے فضل الرحمان کو ڈیزل کہنے سے منع کیا

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ انہیں آرمی چیف جنرل قمر باجوہ نے کہا ہے کہ وہ مولانا فضل الرحمان کو ڈیزل نہ کہیں، میں انہیں ڈیزل نہیں کہتا لیکن عوام کہہ رہی ہے، تین چوہے میرا شکار کرنے نکلے ہیں جو خود شکار ہوجائیں گے۔
یہ بات انہوں نے لوئر دیر تیمر گرہ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔وزیراعظم عمران خان کے جلسے کے دوران عوام نے ڈیزل ڈیزل کے نعرے لگائے جس پر عمران خان نے کہا کہ میری آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بات ہوئی ہے، انہوں نے کہا کہ مولانا فضل الرحمان کو ڈیزل نہیں کہیں، میں نے انہیں کہا کہ یہ نام میں نے نہیں عوام نے رکھا ہے، میں اب انہیں ڈیزل نہیں کہہ رہا لیکن عوام کہہ رہی ہے۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ کلمہ طیبہ انسان کو غیرت دیتا ہے، جب وہ خدا کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکتا تو اسے عزت ملتی ہے، میں نہ کسی کے سامنے جھکا ہوں اور نہ آئندہ جھکوں گا۔عمران خان نے کہا کہ نواز شریف نے نریندر مودی کے خلاف ایک بار بھی بات نہیں کی، بلکہ اس نے اپنے دفتر خارجہ کے ترجمان کو کہا کہ ہندوستان کے خلاف کوئی بیان جاری نہ کیا جائے وجہ یہ ہے کہ نواز شریف کا پیسہ ہندوستان میں بھی پڑا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ ڈیزل نے ابھی پریس کانفرنس میں کہا کہ جب ہم اقتدار میں آئیں گے تو ادارے کو ٹھیک کریں گے یعنی ہم فوج کو ٹھیک کریں گے، پاکستان اگر آج بچا ہوا ہے کہ تو اس کی وجہ صرف یہ ہے کہ ہمارے پاس ایک مضبوط فوج ہے، عراق، شام، لیبیا، صومالیہ اور افغانستان دیکھ لیں اور پاکستان دیکھ لیں، مسلمان دنیا میں سب سے زیادہ طاقت ور فوج ہماری ہے اور اس فوج کے پیچھے کون پڑا ہے؟عمران خان نے کہا کہ آپ ادارے کو کیسے ٹھیک کریں گے؟ آپ تینوں (آصف زرداری، نواز شریف، مولانا فضل الرحمان) نے جس ادارے کو ہاتھ لگایا اسے تباہ کردیا، عدالتوں پر حملے کیے، ججز کو خریدا، میڈیا کو رشوت دی، وہ جو ملک سے باہر بیٹھا ہے اس کے بارے میں کہا گیا کہ اسے بھگوڑا نہ کہیں، وہ بھگوڑا بھی ہے اور جھوٹا بھی ہے جو بیماری کا کہہ کر باہر چلا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ نواز شریف نے سیاست دانوں کی قیمتیں لگائیں اور لفافہ صحافت شروع کی اور اس وقت کے آرمی چیف آصف نواز جنجوعہ کو بی ایم ڈبلیو گاڑی کے ذریعے رشوت دینے کی کوشش کی، جو فوج سے چھپ کر مودی سے ملتا ہو وہ فوج ٹھیک کرے گا؟انہوں نے فضل الرحمان کے بارے میں کہا کہ انہوں ںے امریکی انتظامیہ کو کہا کہ مجھے بھی ایک موقع دیا جائے اور تیسرا آصف زرداری جو ملک کی سب سے بڑی بیماری ہے جس نے کہا تھا کہ مجھے ملک کی فوج سے بچالو، کیا زرداری فوج کو ٹھیک کرے گا؟
یورپی یونین کی مذمت والے بیان پر شہباز شریف کی تنقید کے جواب میں انہوں نے کہا کہ شہباز شریف نے مغرب سے کہا مجھے موقع دیا جائے میں آپ کی بڑی خدمت کروں گا۔وزیراعظم عمران خان نے بلاول بھٹو زرداری کی زبان پھسلنے ’’کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘‘ کا بھی تذکرہ کیا اور کہا کہ بلاول بھٹو بچہ اتنا خرچ کرکے پیسے دے کر لوگوں اسلام آباد لایا، لوگوں نے پوچھا کہ بلاول کا پیغام کیا ہے تو جواب ملا کہ ’’ کانپیں ٹانگ رہی ہیں‘‘، جب تک بلاول سیاست چھوڑے گا تو بارش آتا ہے، چینی اگتا ہے اور اس طرح کے کئی جملے مشہور ہوچکے ہوں گے۔
عمران خان نے کہا کہ ایک سوئنگ یارکر سے تینوں ڈاکوؤں کی وکٹ گرادوں گا، یہ تینوں مجھ سے این آر او مانگ رہے ہیں، یہ دھمکی دیتے ہیں کہ اگر ہمارے کرپشن کیسز کھولے تو تمہاری حکومت گرادیں گے، حکومت چھوٹی چیز ہے میں تو اس کے لیے جان بھی دے سکتا ہوں کیوں کہ میں برائی کے خلاف جہاد لڑ رہا ہوں، تین چوہے نکلے ہیں میرا شکار کرنے کے لیے انشااللہ ان کا شکار ہوجائے گا۔

Related Articles

Back to top button