بلوچستان : کوچ کھائی میں گرنے سے 41 مسافر جاں بحق ہو گئے

بلوچستان کے ضلع لسبیلہ کے تحصیل بیلہ میں کوئٹہ سے کراچی آنے والی کوچ کھائی میں گرنے سے 41 مسافر جاں بحق ہو گئے ہیں۔

باخبر ریسکیو ذرائع  نے بتایا کہ کھائی میں گرنے کے بعد مسافر کوچ میں آگ لگ گئی جس پر قابو پانے میں 2 گھنٹے لگ گئے، بعدازاں لاشیں نکالنے کا عمل شروع کردیا گیا۔

اسسٹنٹ کمشنر بیلہ حمزہ انجم نے بتایا کوئٹہ سے کراچی آنے والی مسافر بس تیز رفتاری کے باعث بیلہ کے قریب موڑ کاٹتے ہوئے پل کے ستون سے ٹکرا کر کھائی میں جاگری جس کے باعث اس میں آگ بھڑک اٹھی،حمزہ انجم نے بتایا کوچ میں 48 افراد سوار تھے جن میں سے ایک بچہ اور خاتون سمیت 3 زخمی افراد کو زندہ نکال لیا گیا ہے جبکہ اب تک 40 لاشیں نکالی جا چکی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ زخمیوں میں سے ایک شخص کراچی لے جاتے ہوئے زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، اب تک جاں بحق افراد کی کُل تعداد 41 ہوگئی ہے، زیادہ تر جاں بحق افراد کی لاشیں مکمل طور پر جھلس گئی ہیں جن کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ کا عمل کیا جائے گا۔

دریں اثنا حمزہ انجم نے ڈان ڈاٹ کام سے بات کرتے ہوئے خدشہ ظاہر کیا تھا کہ کوچ میں سوار بقیہ تمام 45 افراد جاں بحق ہوچکے ہیں۔

Related Articles

Back to top button