توہین عدالت کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرنے کا سرکلر جاری

پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان پر خاتون جج کو دھمکی دینے کے متعلق توہین عدالت کیس میں کل فرد جرم عائد کرنے کے حوالے سے سرکلر جاری کر دیا گیا ہے۔
اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان کی توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ پیشی کے معاملے پر سرکلر جاری کر دیا ہے، لارجر بینچ کل 22 ستمبر دن ڈھائی بجے کیس کی سماعت کرے گا اور کمرہ عدالت نمبر ایک میں انٹری رجسٹرار آفس کے جاری کردہ پاس سے مشروط ہوگی۔
سرکلر کے مطابق عمران خان کی لیگل ٹیم کے 15 وکلا کمرہ عدالت میں موجود ہوں گے اور اٹارنی جنرل آفس اور ایڈووکیٹ جنرل آفس سے 15 لاء افسران کو بھی کمرہ عدالت میں آنے کی اجازت ہوگی۔
اسلام آباد ہائیکورٹ سرکلر میں کہا گیا ہے کہ کورٹ ڈیکورم برقرار رکھنے کے لیے اسلام آباد انتظامیہ اور پولیس سکیورٹی انتظامات کرے، اسلام آباد ہائیکورٹ کل توہین عدالت کیس میں عمران خان پر فرد جرم عائد کرے گی۔
یاد رہے کہ خاتون جج کو دھکیوں سے متعلق توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائیکورٹ نے چیئر مین پی ٹی آئی کو غیر مشروط معافی مانگنے کے لیے دو مواقع فراہم کیے تھے تاہم عمران خان نے غیر مشروط معافی مانگنے کے بجائے اپنے الفاظ واپس لینے اور آئندہ محتاط رویہ اختیار کرنے کا جواب عدالت میں جمع کرایا۔

Related Articles

Back to top button