PTI کا جڑواں شہروں کےعلاوہ ملک بھرمیں احتجاج ختم کرنے کااعلان

تحریک انصاف نے اسلام آباد اور راولپنڈی کے علاوہ ملک بھر میں جاری احتجاج ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا۔

باخبر ذرائع کے مطابق عمران خان کی زیرصدارت ہونے والے پارٹی اجلاس میں عوامی مشکلات کے پیش نظراہم شاہراہوں پرجاری احتجاج ختم کرنے کافیصلہ کیا گیا۔

ذرائع پی ٹی آئی کے مطابق پنجاب میں پی ٹی آئی حکومت ہوتے ہوئے عوام کومشکلات سے اچھاتاثر نہیں جارہا، عوامی ردعمل کے بارے میں رپورٹس پرچئیرمین پی ٹی آئی نے ملک بھر میں جاری احتجاج ختم کرنے کافیصلہ کیا۔

رپورٹ کے مطابق راولپنڈی میں پی ٹی آئی احتجاج کے باعث جڑواں شہروں کے تعلیمی ادارے بھی بند کئے گئے،اہم شاہراہیں بند ہونے سے عوام کی درپیش مشکلات کے بارے میں رپورٹس عمران خان کودی گئی تھیں۔

دریں اثناراولپنڈی میں پی ٹی آئی کارکنان کا شدید احتجاج، موٹر وے سمیت تمام رابطہ سڑکیں بند کر دیں، ٹیکسلا جی ٹی روڈ رتہ شاہ مارگلہ کے مقام پر بھی روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیا گیا ہے، پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں کی جانب سے راولپنڈی میں احتجاج کے باعث شہر کے کئی راستے بند ہیں جس کی وجہ سے مسافروں کو سخت پریشانی کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق احتجاج کے باعث مری روڈ اقبال پارک کی سڑک دونوں اطراف سے بند ہے، ٹیکسلا جی ٹی روڈ رتہ شاہ مارگلہ کے مقام پر بھی روڈ کو دونوں اطراف سے بند کردیا گیا ہے، اس کے علاوہ سرائے کالا چوک بھی احتجاج کے باعث بند ہے۔

ٹریفک پولیس کے مطابق اولڈ ائیرپورٹ روڈ دونوں اطراف سے ٹریفک کے لیے کھلی ہے، مال روڈ اور پشاور روڈ بھی ٹریفک کے لیے کھلی ہے جب کہ مری روڈ اقبال پارک کے علاوہ راولپنڈی کی تمام اندرونی شاہراہیں ٹریفک کے لیے کھلی ہیں۔

Related Articles

Back to top button