عثمان بزدار کو ہٹائے بغیرحکومت سے نتیجہ خیز مذاکرات نہیں ہوسکتے

حکمران جماعت پاکستان تحریک انصا ف کے منحرف جہانگیرترین گروپ نے کہا ہےکہ مائنس بز دار فارمولے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔
جہانگیرترین گروپ کے رہنما عون چوہدری نے ایک بیان میں کہا ہے کہ عثمان بزدار کو ہٹانے کے بعد ہی حکومت کے ساتھ نتیجہ خیز مذاکرات ہو سکتے ہیں، اور مذاکرات اب وزیر اعظم عمران خان یا وفاقی ٹیم سے ہوں گے، وزیر تعلیم پنجاب سے ہونیوالی ملاقات میں جہانگیرترین گروپ نے کوئی لچک نہیں دکھائی۔
عون چوہدری کا کہنا تھا کہ مائنس بز دار فارمولے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے، ہم مائنس عثمان بزدار کے مطالبے پر کھڑے ہیں، پہلے عثمان بزدار کی تبدیلی پھر دیگر ایجنڈے پر بات چیت ہو گی۔ انکا کہنا تھا ترین گروپ کے اراکین کی وزیراعلیٰ پنجاب سے ملاقاتوں میں کوئی حقیقت نہیں ہے، ترین گروپ کی وزیراعلیٰ سے ملاقاتوں کی پرانی تصاویر نکالی جا رہی ہیں۔
عون چوہدری نے کہا ہمارا گروپ جہانگیر ترین کی قیادت میں متحد ہے، اورمشترکہ فیصلے کر رہا ہے۔
یاد رہے کہ حکومتی ٹیم ترین گروپ سے وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی تبدیلی کے فیصلے پر نظر ثانی کے لیے کوششیں کر رہی ہے اور گزشتہ روز بھی صوبائی وزیر مراد راس کی سربراہی میں حکومتی ٹیم نے ترین گروپ سے ملاقات کی تھی۔

Related Articles

Back to top button