پاکستان میں خوفناک زلزلہ،9افرادجاں بحق،سینکڑوں زخمی

 اسلام آباد سمیت پنجاب، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے  جس کے نتیجے میں اب تک 9 افراد کے جاں بحق ہونے اور  160 سے زائد افراد کے زخمی ہونے کی اطلاعات موصول ہوچکی ہیں۔

خیبر پختونخوا ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی نے صوبہ کے پی میں 9 افراد کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ہے جبکہ مختلف حادثات میں 44 افراد زخمی ہوئے۔

پی ڈی ایم اے  کی رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں 5 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں، اب تک اطلاعات کے مطابق صوبے  بھر میں 19 گھروں کو جزوی نقصان پہنچا۔

صوبائی ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی خیبر پختونخوا کے مطابق محکمہ موسمیات نے بتایا کہ زلزلے کی گہرائی 180 کلو میٹر زیر زمین تھی اور اس کی شدت 6.8 ریکارڈ کی گئی۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلہ پاکستانی وقت کے مطابق رات 9 بجکر 47 منٹ پر آیا، زلزلے کا مرکز افغانستان میں ہندوکش کا خطہ تھا۔

زلزلے کے جھٹکے ترکمانستان، بھارت، قازقستان، تاجکستان ، ازبکستان، چین، افغانستان کرغزستان میں بھی محسوس کیے گئے۔

پشاور، کوہاٹ، صوابی میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ زلزلے کے جھٹکے لاہور ، کوئٹہ راولپنڈی میں محسوس کیے گئے۔

اس کے علاوہ بہاول پور ،لودھراں، ڈی جی خان، میانوالی، خانیوال، ٹوبہ ٹیک سنگھ، پارا چنار،  کرک میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے۔

لکی مروت، مردان ، باجوڑ، نوشہرہ اور گرد و نواح میں بھی ززلے کے شدید جھٹکے محسوس کیے گئے۔

اسکردو اور چلاس میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے ہیں۔ خوفزدہ لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھرو ں سے باہر آ گئے۔

شدید زلزلے کے باعث مختلف شہروں میں دیواریں گرنے اور بھگدڑ کے واقعات پیش آئے ہیں۔

اسپتال ذرائع کے مطابق لوئر دیر کے علاقے ڈھیری میں زلزلے سے مکان کی دیوار گرگئی جس میں دب کرخاتون جاں بحق ہوگئی۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق لوئردیر میں بھگڈر مچنے سے ایک شخص بھی جاں بحق ہوا جبکہ مختلف حادثات میں 43 افراد زخمی ہوئے۔

ریسکیو ذرائع کے مطابق مانسہرہ کے علاقے شنکیاری میں زلزلے کے دوران خاتون دل کا دورہ پڑنے سے انتقال کرگئی۔

اس کے علاوہ پولیس کے مطابق سوات کے علاقے مدین میں گھر کی دیوار گرنے سے 13 سال کی لڑکی جاں بحق ہوئی۔ سوات ہی کے علاقے شموزئی میں گھرکی چھت گرنے سے ایک شخص جاں بحق اور  2 زخمی ہوئے۔

پولیس کے مطابق سیدوشریف اسپتال سوات میں زلزلے میں زخمی 50 افراد لائے گئے جبکہ لوئر دیر میں ہی زلزلے کے دوران بھگدڑ کے دوران 7 افراد گر کر زخمی ہوگئے جنہیں تیمر گرہ اسپتال منتقل کیا گیا۔

خیبرپختونخوا کے ہی شہر صوابی کے علاقے شیخ جانہ میں زلزلے کے باعث مکان کی چھت گرنے سے خاتون سمیت 5 افراد زخمی ہوگئے۔

ڈائریکٹر جنرل ریسکیو 1122  ڈاکٹر خطیر احمد کا کہنا ہے کہ زلزلے سے خیبر پختونخوا کے 5  اضلاع سےچھت اور دیواریں گرنےکی اطلاعات ملی ہیں، ایمرجنسی کالز صوابی، چترال، بونیر، مردان اور لوئر دیر سے موصول ہوئیں۔

ادھر کوہستان میں زلزے کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں شاہراہ قراقرم بند ہوگئی ہے جبکہ  کالام کےقریب کرکنڈی پل پر لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بحرین روڈ بلاک ہوگیا ہے۔

اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں ایک کثیر المنزلہ رہائشی عمارت زلزلے کے جھٹکوں سے متاثر ہوئی ہے اور اس کی دیواروں پر دراڑیں پڑ گئیں۔ رہائشی فلیٹس سے باہر نکل آئے۔ ضلعی انتظامیہ بلڈنگ کا معائنہ کرے گی۔

گوجر خان میں دیواد گرنے سے گاڑی کو نقصان پہنچا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق زلزلے کے آفٹر شاکس کا سلسلہ جاری ہے اور آفٹر شاکس کی شدت 3.7 ریکارڈ کی گئی۔

زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ آفٹرشاکس 10بجکر 43 منٹ پر آئے ، زلزلے کا مرکز افغانستان کا ہندوکش پہاڑی سلسلہ تھا اور گہرائی 156 کلومیٹر ریکارڈ کی گئی۔

وفاقی وزیر صحت عبدالقادر پٹیل کی ہدایت پر اسلام آباد کے اسپتالوں میں الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

زلزلے کے شدید جھٹکوں کے پیش نظر پولی کلینک اور  پمز اسپتال میں بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

وزیر صحت نے کہا کہ اسپتال انتظامیہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے پیشگی اقدامات یقینی بنائے۔

اطلاعات کے مطابق حجرہ شاہ مقیم، پاکپتن، اوکاڑہ ، عارف والا، پھول نگر، پتوکی، کوٹ رادھا کشن، شاہکوٹ، چونیاں، قصور ، شیخوپورہ میں بھی جھٹکے محسوس کیے گئے۔

پاکپتن کے شہریوں کا مؤقف ہے کہ اتنا شدید زلزلہ پہلے نہیں آیا۔

سیکرٹری صحت پنجاب ڈاکٹر احمد جاوید قاضی نے تمام ٹیچنگ سرکاری اسپتالوں کو الرٹ کردیا ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے پاکستان میں زلزلے کے پیش نظر  لوگوں کی خیریت اور سلامتی کی دعا کی ہے اور کہا ہے کہ اللہ سب کو حفظ و امان اور ملک کو ہرآفت سے محفوظ رکھے۔

وزیراعظم نے این ڈی ایم اے اورمتعلقہ اداروں کوالرٹ رہنے کی ہدایت کی ہے۔

Related Articles

Back to top button