نومنتخب وزیراعلیٰ پنجاب آج رات 8بجےحلف اٹھائیں گے

پنجاب اسمبلی کے 197 ووٹ حاصل کے وزیر اعلیٰ پنجاب منتخب ہونیوالے مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز آج رات 8بجے اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
ن لیگ کے رہنما عطا تارڑ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ گورنرہاؤس کو حمزہ شہباز کی بطور وزیرِاعلیٰ پنجاب کامیابی کا نوٹیفکیشن موصول ہو گیا ہے، وہ آج رات عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔
انہوں نے کہا ہمیں اطلاعات ملی ہیں کہ گورنر پنجاب بھی صدر مملکت کی طرح حلف نہیں لینا چاہتے،یہ آئینی ذمے داری ہے اگر وہ خود حلف نہیں لے سکتے تو کسی کو نامزد کر دیں۔
ادھر مسلم لیگ ق کے رہنما چوہدری پرویز الٰہی کی رہائشگاہ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے گورنر پنجاب نے کہا کہ حمزہ شہباز سے حلف لینے کا ابھی فیصلہ نہیں کیا ،حلف لینے کا فیصلہ آئینی ماہرین کی مشاورت سے کروں گا
عطااللہ تارڑ نے پریس کانفرنس میں گزشتہ روز پنجاب اسمبلی میں ہونیوالی ہنگامہ آرائی کے حوالے سے کہا کہ ڈپٹی سپیکر پر بہیمانہ تشدد کیا گیا، ایسا پاکستان کی تاریخ میں دوسری بار ہوا ہے۔چوہدری پرویز الٰہی پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا اپوزیشن کو مار کر آپ کا چہرہ متکبرانہ تھا، آپ نے تھمبز اپ کیا۔
عطاتارڑ نے بتایا کہ ہم پرویز الٰہی کے لیے چیف منسٹری پلیٹ میں رکھ کر لائے تھے، کل جن ہاتھوں سے آپ نے بد دعائیں دی ہیں انہی ہاتھوں سے دعا کرائی تھی۔
پریس کانفرنس میں لیگی رہنما رانا مشہود نے کہا کہ پنجاب اسمبلی میں ہونے والا واقعہ جمہوریت پر بدنما داغ ہے، ہم نے پوری فوٹیج نکال لی ہے جو بھی ملوث پایا گیا اس کے خلاف ایکشن ہوگا۔
رانا مشہود کے بقول پی ٹی آئی نے قوم کو بدتمیزی سکھائی ہے۔ ’کل پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی کا اصل چہرہ قوم نے دیکھ لیا۔ انہوں نےکہا ہم سے بلوچستان کی حکومت لی گئی، سینیٹ کا الیکشن لیا گیا لیکن ہم نے ان الیکشن کے نتائج کو تسلیم کیا۔ اسمبلی کے فلور کا تقدس کبھی اس طرح پامال نہیں ہوا کہ غنڈوں کی مدد سے قبضہ کرنے کی کوشش کی جائے۔انہوں نے کہا پرویز الٰہی نے مجھ پر تشدد کا الزام لگایا ہے جو بے بنیاد ہے۔ یہ لوگ ہر صورت اقتدار سے چمٹے رہنا چاہتے ہیں، انہیں پاکستان سے محبت نہیں ہے۔

Related Articles

Back to top button