قیدیوں کی سزامیں کمی کا اعلان ، رمضان بازار، پی کے ایل آئی کا دورہ

وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر کی جیلوں میں اسیر قیدیوں کی سزائوں میں دو ماہ کی کمی کا اعلان کر دیا۔
لاہورمیں کوٹ لکھپت جیل کے دورے کے دوران قیدیوں کی سزائوں میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نےجیل حکام کو خصوصی تاکید کی کہ قیدیوں کی سہولت کے لیے دستیاب وسائل کو مؤثر طریقے سے بروئے کار لایا جائے تاکہ قیدیوں کی بنیادی ضروریات کو پورا کیا جا سکے۔انہوں نے کہاجو قیدی اپنی سزا مکمل کرلیں ان کو معاشرے کا فعال شہری بنانے میں ہرممکن سرپرستی حکومت کے فرائض میں شامل ہے۔
وزیراعظم نےوزیر داخلہ رانا ثناءاللہ کی سربراہی میں ایک کمیٹی بنانے کا اعلان کیا جو جیلوں میں قیدیوں کی سہولت اور مجموعی نظام کی بہتری کے لیے جامع حکمتِ عملی مرتب کرے گی، اس کمیٹی میں چاروں صوبوں کی نمائندگی کرنے کے لیے افسران شامل ہوں گے۔
شہباز شریف نے کوٹ لکھپت جیل کے مختلف حصوں کا معائنہ کیا، جیل سمیت تمام جیلوں میں سہولتوں میں اضافے اور اسکول ڈسپنری بہتر کرنے کی ہدایت کی، لنگر خانہ، ہسپتال کا بھی دور ہ کیا اور بیمار قیدیوں کی تیمار داری کی۔اس موقع پر آئی جی جیل خانہ جات مرزا شاہد سلیم بیگ نے جیلوں کے امور کے حوالے سے وزیراعظم کو اہم بریفنگ بھی دی۔
لاہور میں پاکستان انسٹیٹیوٹ آف کڈنی اینڈ لیورٹرانسپلاٹ کے دورے کے موقع پروزیراعظم کا کہنا تھا کہ یہ اسپتال ہم نے غریبوں کی خدمت کے لیے بنایا تھا، اس اسپتال کی تعمیر سے قبل پاکستانی عوام علاج کرانے ہندوستان اور چین جاتے تھے، ہم نے زرمبادلہ بچانے کے لیے یہ ہسپتال بنایا۔
ان کا کہنا تھا کہ پی کے ایل آئی اسپتال میں صرف 17 فیصد مریضوں کا مفت علاج کیا گیا۔انہوں نے کہاہم پر الزامات لگائے گئے ہم نے اتنا پیسہ لگا کر یہ اسپتال بناکر قومی وسائل کا ضیاع کیا، اس سلسلے میں میں خود 2 مرتبہ نیب کے عقوبت خانوں میں رہ کر آیا ہوں مگر کوئی کرپشن ثابت نہیں کی گئی۔
شہباز شریف نے کہاپی کے ایل آئی پورے ملک کے عوام کے لیے ہے، پی کے ایل آئی میں 20 آپریٹنگ یونٹس ہیں،یہ ہسپتال ملک کا جون ہاپکنگ ہے۔
دریں اثناوزیر اعظم شہباز شریف نے اچانک جوہر ٹاؤن رمضان بازار کا دورہ بھی کیا، رمضان بازار میں عوام کے لئے سہولتوں کا جائزہ لیا۔
علاوہ ازیں شہباز شریف ماڈل ٹاؤن میں اپنے قریبی عزیز و اقارب سے ملے، شہباز جاوید شفیع اور زاہد شفیع کی رہائش گاہ پر گئے، قریبی عزیز وں نے انہیں وزیراعظم بننے پر مبارکباد دی۔ وزیر اعظم نے جاتی امرا میں اپنے والدین، بھابھی کلثوم نواز اور بھائی عباس شریف کی قبروں پر حاضری دی اور فاتحہ خوانی کی۔

Related Articles

Back to top button