جس کے کھلے رہنے میں فائدہ، اسکی گرفتاری پر وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ جس کے بولنے اور کھلے رہنے سے ہمیں فائدہ ہو اُس کی گرفتاری میں وقت ضائع نہیں کرنا چاہتا۔

تحریک انصاف کے رہنما مخدوم شاہ محمود قریشی کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے انکا کہنا تھابھگوڑے کو سرکاری ہیلی کاپٹر پر بنی گالہ واپس آتے ہی جھوٹ کا نیا دورہ پڑ گیا ہے، 25 مئی کو جو ڈر کر چھپ گئے تھے، اب بلوں سے باہر نکل آئے ہیں، 11 دن پہلے کوئی نکلا نہ اب کوئی نکلے گا البتہ جن کا مال کھایا ہے وہ وصولی کے لئے بنی گالہ ضرور آسکتے ہیں۔

انکا کہنا تھا بے گناہ پولیس اہلکار کی شہادت کے ذمہ داروں، اسلحہ، گولہ بارود برآمد ہونے پر پی ٹی آئی نے کوئی سیاسی ردِ عمل نہیں دیا، آپ جھوٹ بولیں، گولیاں برسائیں، ڈنڈے چلائیں، آگ لگائیں، سرپھاڑیں، ہم تماشائی بن کر دیکھیں یہ نہیں ہوسکتا ، قانون اور قاعدے پر سختی سے عمل ہوگا، قانون کی خلاف ورزی کریں گے نہ ہی کرنے دیں گے۔
وزیر داخلہ نے کہاشکر ہے انقلاب آج پشاور سے خیبر پختونخوا حکومت کے ہیلی کاپٹر پہ اکیلا بنی گالا پہنچ گیا، جسے عوام نے مسترد کر کے اپنا مجموعی ردِ عمل دے دیا ہے۔

اس سے قبل وزرات داخلہ سے جاری بیان کے مطابق رانا ثنا اللہ نے کہا سابق وزیراعظم عمران خان کی اسلام آباد کے علاقے بنی گالہ میں رہائش گاہ واپسی کے حوالے سے کہا ہے کہ ان کو قانون کے مطابق سکیورٹی دی جائے گی جبکہ عمران خان بنی گالہ واپس پہنچ چکے ہیں، ضمانت ختم ہونے پر ان کی سکیورٹی پر تعینات اہلکار ہی انہیں گرفتار کرلیں گے۔

انکا کہنا تھا کہ وہ سابق وزیراعظم کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں تاہم ان کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی، ’عدالتی ضمانت ختم ہونے پر قانون کے مطابق فراہم کی گئی ’یہی‘ سکیورٹی عمران خان کو بڑی خوش اسلوبی سے گرفتار بھی کر لے گی۔‘

رانا ثنااللہ نے کہا کہ ’عمران خان ملک میں ہنگامہ آرائی و فساد، افراتفری پھیلانے اور وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم کے تحت درج دو درجن سے زیادہ مقدمات میں بطور ملزم نامزد ہے۔‘ ملک میں فساد فی الارض برپا کرنے والا شخص اپنے مخالفین کو غدار اور یزید کہہ کر پکارتا ہے۔

انہوں نے کہا وہ کس طرح ایک جمہوری معاشرے میں ایک سیاسی جماعت کا سربراہ ہوسکتا ہے؟ یہ پوری قوم کے لیے ایک لمحہ فکریہ ہے۔‘ عمرانی انقلاب ضمانتیں کروا رہا ہے۔’عمران انقلاب خیبر پختونخواہ کی عوام کے پیسے پر منرل واٹر پی رہے ہیں اور ہیلی کاپٹر کی سیر کر رہا ہے،کوئی بھی مسلح جتھہ وفاق پہ حملہ کرنے کا سوچے گا، برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘

واضح رہے کہ کہ سابق وزیراعظم اور چیئرمین پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی پشاور سے اپنے گھرآمد کی وجہ سے بنی گالہ کے اطراف کی سکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ہے، ہفتے کی رات کو ترجمان اسلام آباد پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے بیان میں کہا گیا تھا کہ پولیس نے بنی گالہ میں خصوصی سکیورٹی تعینات کر دی ہے۔

Related Articles

Back to top button