پی ٹی آئی کی "عمران خان کو کیوں نکالا”کی دہائی

سابق وزیراعظم نواز شریف کے جملے ْمجھے کیوں نکالا ٗ کا پونے چار سال مذاق اڑانے والے پی ٹی ٹی رہنما فواد چوہدری نے کہہ دیا کہ ْ آخر عمران خان کو کیوں نکالاٗ۔

اسلام آباد میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انکا کہنا تھا پاکستان کا ہر شعبہ ترقی کر رہا تھا تو آخر عمران خان کو کیوں نکالا؟ جب حکومت ترقی کرتی ہے تو آپ اسے تبدیل کر دیتے ہیں۔

انہوں نے کہا روپے کی قدر 55 روپے گری ہے اور اگلے مہینے بل آئیں گے تو احساس ہوگا کتنا اضافہ ہوا ہے، غریب عوام کی کمر ٹوٹ گئی ہے، 60 دنوں میں انہوں نے پاکستان کا معاشی اور سیاسی نقصان کیا،اسلام آباد میں بہت گرمی ہے اور لوڈشیڈنگ جاری ہے، بجلی اس لیے نہیں کہ ایندھن کے لیے پیسے نہیں۔ روس کے ساتھ تمام معاملات طے ہوگئے تھے لیکن مفتاح اسماعیل نے اپنے مفتے کے چکر میں 50 دن ضائع کر دیے، اب کہتے ہیں آپ چاکلیٹ اور چیز باہر سے نہ منگوائیں۔

پی ٹی آئی رہنما نے کہا عمران خان سے اختلاف بھی ہوسکتا ہے مگر وہ کبھی عزت پر کمپرومائز نہیں کرتے، اس وقت پاکستان کی خارجہ پالیسی تباہ ہوگئی، پہلے انہوں نے سعودی عرب پھر متحدہ عرب امارات اور بعد میں ترکی سے پیسے مانگے، ہم ہر ملک سے اچھے تعلق چاہتے تھے،ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا پیسہ ویسٹ میں پڑا ہوا ہے، زرداری اور شریف فیملی ایسا رویہ اپناتے ہیں جیسے یہ جوبائیڈن کے ذاتی ملازم ہوں۔

فواد چوہدری نے کہاعمران خان نے پارٹی رہنمائوں کی وارنٹ گرفتاری پر تشویش کا اظہار کیا ہے، سپریم کورٹ کہہ چکی ہے احتجاج کرنے والوں پر دہشتگردی کے دفعات نہیں لگا سکتے اس لیے یہ سپریم کورٹ فیصلے کی خلاف ورزی ہے،

یاسمین راشد سمیت 17 رہنمائوں پر دہشتگردی کے مقدمات درج کروائے ہیں، اس حکومت نے سیاسی مخالفین پر توہین مذہب کے مقدمے بنائے اور میری نظر میں یہ تمام کیسز ساتھ ساتھ چلانے چاہیے، آدھی رات کو عورتوں کیساتھ بدتمیزی کی گئی، آپ جو آدھی رات کو لوگوں کے بیڈ رومز میں گھسے ہمیں اس کی رپورٹ چاہیے، پتہ نہیں ان کو ریڈ زون کیوں اتنا مقدس لگتا ہے۔

سابق وزیر اطلاعات نے کہا نریندر مودی سیاسی مخالفین پر کشمیر میں دہشتگردی کے پرچے کاٹ رہا ہے اور یہاں شریف فیملی سیاسی مخالفین پر دہشتگردی کے پرچے کاٹ رہا ہے، مودی اور شریف فیملی سیاسی پارٹنرز ہیں۔
انکاکہنا تھا میں جہلم سے ہوں وہاں ہر گھر میں شہید ہے، مریم نواز نے سابق فوجیوں کے خلاف ایسی باتیں کی جو سمجھ سے بالاتر ہے۔ مریم صفدر کے پاس ایک تحفہ کیپٹن صفدر ہے جس کے پاس کچھ نہیں، کیپٹن صفدر کے پاس کچھ ہے نہیں وہ کیا واپس کرسکتے ہیں، جاوید عباسی اور کیپٹن صفدر کے بڑے بھائیوں نے ایوان میں بدتمیزی کی اور اس کے بعد ابھی تک یہ دونوں غائب ہوگئے۔

فواد چوہدری نےاطلاعات نے عامر لیاقت حسین کی وفات پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ زندگی کبھی انسان کو اوپر لے جاتی ہے اور کبھی نیچے، اللہ ان کو جنت نصیب کرے۔

Related Articles

Back to top button