پی ٹی آئی لانگ مارچ کا شیڈول پھر تبدیل کر دیا گیا

پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے حقیقی آزادی لانگ مارچ کا شیڈول ایک مرتبہ پھر تبدیل کردیا گیا۔

تحریک انصاف نے وزیر آباد میں فائرنگ سے عمران خان کے زخمی ہونے کے بعد ملتوی کیے جانیوالے والے لانگ کا شیڈول پھر تبدیل کر دیا ہے۔

پی ٹی آئی کے سینئررہنما اسد عمر نے کہا ہے کہ انشا اللہ جمعرات (10 نومبر) کو وزیرآباد میں شاہ محمود قریشی اور دوسرے ساتھیوں کے ہمراہ لانگ مارچ کے دوبارہ سفر کے آغاز میں شرکت کروں گا،اس کے بعد جی ٹی روڈ پر لانگ مارچ شاہ صاحب لیڈ کریں گے اور میں فیصل آباد ڈویژن سے مارچ لیڈ کروں گا، خیبر پختون خواہ سے بھی تین اطراف سے مارچ ہو گی۔

اسد عمر نے کہا کہ خیبر پختون خواہ میں جنوبی ضلعوں سے مارچ کی قیادت علی امین، مالاکنڈ ریجن سے محمود خان اور مراد سعید، پشاور ویلی اور ہزارہ ریجن سے مارچ کی قیادت پرویز خٹک کریں گے، فیصل آباد ڈویژن سے مارچ کا آغاز جمعہ کو ٹوبہ ٹیک سنگھ سے کروں گا، ہفتے کو جھنگ، اتوار فیصل آباد، پیر جڑانوالہ، منگل چنیوٹ اور بدھ کو سرگودھا سے ہوگا۔

پی ٹی آئی کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے اعلان کیا ہے کہ وزیرآباد سے لانگ مارچ کا آغاز 10 اکتوبر کو دوپہر دو بجے ہوگا،میڈیا سے بات کرتے ہوئے شاہ محمود قریشی نے کہا کہ اس وقت بنیادی توجہ ایف آئی آر پر ہے کہ ایف آئی آر کس کروٹ بیٹھتی ہے، ایف آئی آر کے پیش نظر فیصلہ ہوا ہے کہ لانگ مارچ جس کا ہم نے اعلان کیا تھا کہ وزیرآباد سے کل روانہ ہوگا لیکن اب یہ مارچ بروز جمعرات 2 بجے وزیرآباد سے شروع ہوگا۔

پی ٹی آئی کے رہنما فیصل جاوید خان نے کہا کہ لانگ مارچ کا دوبارہ آغاز وزیرآباد سے 10 اکتوبر کو دوپہر 2 بجے سے ہوگا، لانگ مارچ وہیں سے شروع ہوگا جہاں یہ واقعہ پیش آیا تھا۔

قبل ازیں پی ٹی آئی کی جانب سے لانگ مارچ کا شیڈول دوسری مرتبہ تبدیل کیا گیا تھا، اس سےپہلے لانگ مارچ کا شیڈول منگل تھا تاہم چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ کل (منگل کو) نہیں بلکہ پرسوں (بدھ) سے شروع ہوگا،لاہور میں عمران خان سے صحافیوں کی وفد نے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے کہا تھا کہ آصف علی زرداری اور نوازشریف سے کبھی سمجھوتا نہیں ہو سکتا، پوری قوم اب تیار ہے، الیکشن کی تاریخ لیکر ہی واپس آئیں گے، میرا لانگ مارچ ہر صورت میں منزل حاصل کرے گا۔

پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان کا کہنا تھا کہ سرحدوں پر کھڑے فوجی میرے بچوں کی طرح ہیں، آرمی چیف کی تقرری میرا ایشو نہیں، پاک فوج ہماری ہے اور اس کے خلاف جانا ممکن نہیں۔

پی ٹی آئی لاہور کے جنرل سیکریٹری زبیر نیازی نے اندراج مقدمہ کی تحریری درخواست دینے کے بعد آن لائن درخواست بھی دے دی۔آئی جی کے شکایات سیل نے درخواست متعلقہ ایس ڈی پی او وزیرآباد کو اندراج مقدمہ کے لیے مارک کر دی۔ اس سے قبل وزیرآباد میں تحریری در خواست بھی جمع کروائی گئی ہے۔

Related Articles

Back to top button