نئے فوجی ترجمان میجر جنرل احمد شریف کون ہیں

چیف آف آرمی سٹاف جنرل عاصم منیر نے فوج کی کمان سنبھالنے کے دو روز بعد ہی پہلی بڑی تبدیلی کرتے ہوئے فوج کے شعبہ تعلقات عامہ یعنی آئی ایس پی آر کی قیادت کے لیے حیران کن طور پر الیکٹریکل اینڈ مکینیکل انجینئرنگ کور سے تعلق رکھنے والے میجر جنرل احمد شریف کا انتخاب کیا ہے جو کہ ایک پروفیشنل انجینئرہیں اور انہیں انتہائی خفیہ سسٹم پر کام کرنے کا تجربہ بھی حاصل ہے۔ عسکری ذرائع کا کہنا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کی جگہ میجر جنرل احمد شریف کو نیا ڈائریکٹر جنرل انٹر سروسز پبلک ریلیشنز بنایا جا رہا ہے ان کا نوٹیفکیشن جلد جاری کردیا جائے گا۔ بتایا گیا ہے کہ کہ پچھلے ماہ لیفٹیننٹ جنرل کے عہدے پر ترقی پانے والے بابر افتخار کو کور کمانڈر کراچی لگایا جارہا ہے۔ البتہ انٹر سروسز پبلک ریلیشنز نے ابھی تک میجر جنرل احمد شریف کی تقرری کی باضابطہ تصدیق نہیں کی۔ میجر جنرل شریف اس سے قبل ڈیفنس سائنس اینڈ ٹیکنالوجی آرگنائزیشن کے سربراہ تھے جو سائنسی اور تکنیکی تحقیق اور ایرو ڈائنامکس، پروپلشن اور پروپیلنٹ اور ایویونکس کے شعبوں میں ہتھیاروں کے نظام کے فروغ میں مصروف ایک خفیہ تنظیم ہے، وہ ملٹری آپریشنز ڈائریکٹوریٹ میں بھی خدمات انجام دے چکے ہیں اور نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر انہیں تب سے جانتے ہیں جب وہ ملٹری انٹیلی جنس کے ڈائریکٹر جنرل ہوتے تھے۔

 

آئی ایس پی آر کے سربراہ کے طور پر انجینئر کی تقرری غیر معمولی نہیں ہے البتہ میجر جنرل شریف انجینئرنگ کور کے پہلے افسر ہوں گے جو یہ عہدہ سنبھالیں گے۔ اس سے قبل 1991 میں انجینئرز کور سے میجر جنرل جہانگیر نصراللہ اس عہدے پر فائز تھے۔ آئی ایس پی آر کے نئے ڈی جی کی تقرری کو بڑی دلچسپی سے دیکھا جا رہا ہے کیونکہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ نئے آرمی چیف فوج کے میڈیا ونگ کے ورکنگ سٹائل میں بڑی تبدیلیاں لا سکتے ہیں۔ اس تبدیلی کی توقع کی جا رہی تھی کیونکہ آئی ایس پی آر کے ڈی جی کا عہدہ میجر جنرل یا ٹو اسٹار رینک کے افسر کے لیے ہے اور لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کو گزشتہ ماہ تھری اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی دی گئی تھی۔

 

بتایا جا رہا ہے کہ لیفٹیننٹ جنرل بابر افتخار کور کمانڈر تعینات ہونے کے بعد لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کی جگہ لیں گے اور کراچی کا رخ کریں گے۔ کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل محمد سعید کو نیا چیف آف جنرل سٹاف بنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ لیفٹیننٹ جنرل اظہر عباس کی جانب سے وقت سے پہلے ریٹائرمنٹ لینے پر خالی ہوا تھا۔ اسکے علاوہ حال ہی میں فوج سے فارغ کیے جانے والے بہاولپور کے متنازع کور کمانڈر لیفٹیننٹ جنرل فیض حمید کی جگہ لیفٹیننٹ جنرل ثاقب ملک کو بہاولپور کا نیا کور کمانڈر تعینات کیا جا رہا ہے۔ وزیر اعظم ہاؤس کی جانب سے فیض حمید کے استعفے کی منظوری کا اعلان پہلے ہی ہوچکا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل شاہد امتیاز کو کور کمانڈر راولپنڈی تعینات کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ یہ عہدہ جنرل ساحر شمشاد مرزا کے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف چیف آف سٹاف بننے پر خالی ہوا تھا۔ لیفٹیننٹ جنرل محمد علی کو نیا کوارٹر ماسٹر جنرل لگایا جارہا ہے یہ عہدہ نئے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کے اوپر جانے سے خالی ہوا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل نعمان زکریا کو چیف آف لاجسٹک سٹاف لگایا جا رہا ہے۔ اس کے علاوہ میجر جنرل شہباز کو بطور لیفٹیننٹ جنرل پر ترقی دے کر کمانڈر آف دی آرمی سٹرٹیجک فورس کمانڈر مقرر کیا جا رہا ہے۔ ان تقرریوں اور تبادلوں کا اعلان جلد متوقع ہے۔

Related Articles

Back to top button