فواد چودھری کو جسمانی ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کرنے کا حکم

اسلام آباد کی مقامی عدالت نے پولیس کی جانب سے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے گرفتار رہنما فواد چوہدری کے دو روزہ جسمانی ریمانڈ کی اپیل منظور کرتے ہوئے پی ٹی آئی رہنما کو پولیس حکام کے حوالے کر دیا ،جبکہ 30 جنوری کو دوبارہ عدالت میں پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے 5 صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا ہے، پولیس نے سنیچر کو فیصلے کے خلاف سیشن کورٹ میں اپیل دائر کرتے ہوئے استدعا کی کہ فواد چوہدری سے تفتیش کے لیے مزید جسمانی ریمانڈ درکار ہے، جوڈیشل مجسٹریٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیا جائے اور فواد چوہدری کا مزید جسمانی ریمانڈ دیا جائے۔

سیشن جج نے پولیس کی درخواست پر نوٹس جاری کرتے ہوئے پراسیکیوشن کی اپیل پر سماعت کی، عدالت نے سرکاری وکیل کے دلائل اور فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان کے جوابی دلائل سننے کے بعد فیصلہ محفوظ کر لیا تھا جس کو اب سنا دیا گیا ہے، فواد چودھری کو دو روزہ ریمانڈ پر پولیس کے حوالے کر دیا گیا ہے۔خیال رہے کہ گزشتہ روز جوڈیشل مجسٹریٹ نے فواد چوہدری کے جسمانی ریمانڈ کی استدعا مسترد کرتے ہوئے جیل بھیج دیا تھا، اس سے قبل سنیچر کی صبح اسلام آباد ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس میں پی ٹی آئی کے گرفتار رہنما فواد حسین چوہدری کی درخواست ضمانت پر سماعت ہوئی۔

ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر نے سماعت شروع کی تو فواد چوہدری کے وکیل بابر اعوان نے کہا کہ وہ دلائل دینے کے لیے تیار ہیں جس پر ایڈیشنل سیشن جج نے کہا  کہ میرے سامنے ریکارڈ ہی نہیں توسماعت کیسے کروں؟سماعت کے دوران جج نے ریمارکس دیئے کہ جوڈیشل مجسٹریٹ کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کی گئی ہے، بابر اعوان نے کہا کہ ’تفتیشی افسر کو آپ کی عدالت میں آنا چاہیے تھا، اپیل کی درخواست سے متعلق ہمیں کوئی نوٹس نہیں ملا۔

جج نے ریمارکس دیئے کہ عدالت کے ذریعے آپ کو پتا چل گیا ہے، آپ سیشن عدالت چلے جائیں، بابر اعوان نے عدالت کو بتایا کہ انہیں کوئی نوٹس نہیں ملا جس کے بعد سماعت میں وقفہ کر دیا گیا۔خیال رہے کہ پی ٹی آئی رہنما فواد چوہدری کو چیف الیکشن کمشنر سمیت کمیشن کے دیگر اہلکاروں اور ان کے اہل خانہ کو دھمکیاں دینے کے الزام میں 25 جنوری کی علی الصبح لاہور میں ان کی رہائش گاہ سے گرفتار کیا گیا تھا۔ بعدازاں، پولیس انہیں ماتحت عدالت سے راہداری ریمانڈ لے کر اسلام آباد لے آئی تھی۔

لاہور ہائیکورٹ نے فواد چوہدری کو پیش کرنے کی ہدایت کی تھی لیکن اس پر عمل نہ ہو سکا تھا جس کے بعد عدالت نے درخواست خارج کر دی تھی، فواد چوہدری کے خلاف اسلام آباد کے تھانہ کوہسار میں الیکشن کمیشن حکام کو دھمکانے کا مقدمہ درج ہے۔

Related Articles

Back to top button