انٹربینک میں ڈالر 276، اوپن مارکیٹ میں283 کا ہوگیا

ہر گزرتے دن کے ساتھ  ملکی کرنسی مارکیٹ میں روپے کی قدر میں کمی ہوتی جارہی ہے جبکہ امریکی ڈالر تگڑا ہوتا جا رہا ہے اور انٹر بینک میں ایک امریکی ڈالر 276 اور اوپن مارکیٹ میں283 روپے کا ہوگیا ہے۔

گزشتہ روز اسٹیٹ بینک نے زرمبادلہ کے ذخائرسے متعلق اعداد و شمار جاری کئے تھے جس کے مطابق پاکستان کے مجموعی زرمبادلہ کے ذخائر 10 سال کی کم ترین سطح پر آگئے ہیں ،زرمبادلہ کے ذخائر میں کمی کے ساتھ ساتھ روپے کی بے قدری کا سلسلہ بھی جاری ہے۔

جمعے (3 فروری2023) کے روز انٹربینک میں ڈالر کی قدر 276 روپے 57 پیسے کی نئی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی، ڈالر کی قدر میں اضافے کا سلسلہ برقرار ہے، آج انٹربینک میں ڈالر کی قدر ایک دم 5 روپے 65 پیسے کے اضافے سے 277 روپے کی بلند ترین سطح پر آگئی تھی تاہم مارکیٹ بند ہونے تک یہ اضافہ پانچ روپے 22 پیسے ہوگیا جس کے بعد آج ڈالر کی نئی انٹربینک قیمت 276.57 روپےکی ملکی تاریخ کی بلند ترین سطح پر بند ہوئی۔

دوسری جانب اوپن مارکیٹ میں بھی ڈالر کی قیمت میں 2.50 روپے کا اضافہ ہوا ہے، اضافے کے بعد اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت 278 روپے ہوگئی ہے۔

ادھرسٹاک مارکیٹ سٹاک ایکسچینج میں کمی دیکھنے میں آئی ہے، 283 پوانئٹس کمی کے بعد 100 انڈیکس 40 ہزار 450 پوائنٹس کی سطح پر آگیا ہے۔

یاد رہے وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان واپسی پر ڈالر کو 200 روپے سے نیچے لانے کا اعلان کیا تھا لیکن ان کے وزارت خزانہ سنبھالنے کے بعد سے اب تک ڈالر 50 روپے مہنگا ہوچکا ہے۔اسی طرح موجودہ دور حکومت کے دس ماہ میں اب تک ڈالر 97 روپے مہنگا اور روپے کی قدر 53 فیصد گرچکی ہے۔

Related Articles

Back to top button