بہت ہو گیا، خواجہ آصف کی گرفتاری پر خاموش نہیں رہینگے

مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کاکہنا ہے کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ بن گیا ہے، آج خواجہ آصف کو گرفتار کرلیا گیا، یہ لوگ گرفتار کرکے ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں۔
مسلم لیگ ن کی رہنما مریم نواز نے خواجہ آصف کی گرفتاری کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ آج ہماری میٹنگ جاری تھی جس میں خواجہ آصف کو گرفتار کیا گیا، راتوں رات کسی کو اغوا کرنا کہاں کا انصاف، خواجہ آصف کو اثاثوں کے کیس میں گرفتار کیا گیا جو کوئی کیس ہی نہیں بنتا، حکومت جانے کا خوف اور شکست حکومت کی حرکتوں سے صاف پتہ چل رہا ہے۔مریم نواز نے کہا کہ خواجہ آصف نے مجھے 2باتیں بتائیں، کسی نے خواجہ آصف کو بلایا اور کہا کہ نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دیں، خواجہ آصف نے اس شخص کو کہا کہ میرے بال سفید ہوگئے نواز شریف کے ساتھ، میں نواز شریف کو نہیں چھوڑوں گا۔
مریم نواز کا کہنا ہے کہ خواجہ آصف نے کہا میں ہر طرح کے حالات کیلئے تیار ہوں لیکن نواز شریف کے بیانیے سے پیچھے نہیں ہٹوں گا، خواجہ آصف کو گرفتار نہیں بلکہ اغوا کیا گیا ہے، عدالت نے بھی نیب کے طریقہ کار پر سوالات اٹھائے، میں آج عدلیہ سے اپیل کرتی ہوں کہ اس گرفتاری پر نوٹس لیا جائے اور نیب جو سیاسی انجینئرنگ کیلئے استعمال ہورہا اسکو روکنا چاہیے۔مریم نواز نے کہا کہ ایک شخص نے خواجہ آصف کو کہا کہ آپ نواز شریف کا ساتھ چھوڑ دیں آپ کے تمام کیسز ختم ہوجائیں گے،مریم نواز نے کہا کہ خواجہ آصف نے جواب دیا ‘میرے خلاف کیسز چلانے ہیں تو چلائیں، جو سزا دینی ہے دیں اورمجھے گرفتار کرنا ہے تو کرلیں لیکن نہ نواز شریف کے بیانیے سے پیچھے ہٹوں گا اور نہ نواز شریف کا ساتھ چھوڑوں گا’۔ان کا کہنا تھا کہ ‘آج چند دنوں بعد انہیں یہاں سے اغوا کرلیا گیا ہے، یہ گرفتاری نہیں ہے بلکہ اغوا ہے، طریقہ واردات وہ ہے جو یہ پہلے سے استعمال کرتے آئے ہیں اور سپریم کورٹ اور ہائی کورٹس بھی کہہ چکے ہیں کہ نیب سیاسی انجینئرنگ کا ادارہ ہے اور سیاسی جوڑ توڑ کے لیے استعمال کیا جاتا ہے’۔
مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف اور حمزہ شہباز کو بھی گرفتار کرکے جیل میں رکھا ہوا ہے اور آج خواجہ آصف کو بھی گرفتار کرلیا گیا، یہ لوگ گرفتار کرکے ہمیں ڈرانا چاہتے ہیں، ہم کسی بھی طرح کے ہتھکنڈوں سے گھبرانے والے نہیں ہیں ۔مریم نواز نے کہا کہ اس طرح کے ہتھکنڈوں سے حکومت کی بوکھلاہٹ سب کے سامنے ہے، حکومت پی ڈی ایم سے بہت بری طرح ڈر گئی ہے، حکومت کے پاؤں کے نیچے سے زمین ہل گئی ہے، خواجہ آصف کو آپ لوگوں کو چھوڑنا پڑے گا ورنہ معاملات کہاں سے کہاں چلے جائیں گے۔
مریم نواز نے مزید کہا کہ میں پی پی کے اجلاس کی کسی خبر پر کوئی بات نہیں کروں گی جب تک انکی پارٹی میٹنگ کا اعلامیہ نہیں آجاتا، جب تک میں پی پی سے خود نہیں سن لیتی میں کچھ نہیں کہہ سکتی اس بارے میں، میں پوچھنا چاہتی ہوں کہ نیب کو ایل این جی اور آٹا چور کیوں نظر نہیں آرہے، پی آئی اے بند ہونے لگی لیکن نیب کو کچھ نظر نہیں آرہا، ادویات کی قیمتیں آسمان پر چلی گئیں نیب کو یہ بھی نظر نہیں آیا۔
مریم نوازنے کہا کہ نیب پولیٹیکل انجینئرنگ کا ادارہ بن گیا ہے، عمران خان کو گھر جانا پڑے گا، شاید عمران خان کا گھر جانا اس طرح کے ہتھکنڈوں سے جلدی ہوجائے، حکومت ظلم کرتی رہے اور ہم سہتے رہیں یہ اب مزید نہیں چلے گا، حکومت نے ہی نواز شریف کو علاج کیلئے باہر بھیجا اور اب حکومت ہی کوشش کررہی کہ نواز شریف ملک واپس آئیں،نواز شریف علاج مکمل ہونے سے پہلے ملک واپس نہیں آئینگے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button