ٹوتھ پیسٹ کے 10 حیران کر دینے والے استعمال کونسے ہیں؟

ٹوتھ پیسٹ کو صرف دانتوں کی صفائی کیلئے استعمال میں نہیں لایا جا سکتا بلکہ اس کو روزمرہ زندگی کے دوران بھی مختلف کاموں میں استعمال کیا جا سکتا ہے، زیورات، دیواروں، سپورٹس گلاسز کی صفائی سے لے کر شیشوں کو چمکانے تک اس کو استعمال میں لایا جا سکتا ہے۔
پیاز یا لہسن کو کاٹنے کے بعد ہاتھوں میں بو دھونے کے بعد بھی باقی رہتی ہے اور عام صابن بھی اس سے نجات دلانے میں ناکام رہتے ہیں مگر تھوڑی سی مقدار میں ٹوتھ پیسٹ کو ہتھیلی پر مل لینا اس بو سے مختصر وقت میں موثر طریقے سے جان چھڑانے میں انتہائی مفید ثابت ہوتا ہے۔
سونے یا چاندی کے زیورات کو کسی سنار کے پاس لے جا کر بہت زیادہ پیسہ دیکر ان کی صفائی کروانے سے بہتر ہے کہ آپ ٹوتھ پیسٹ کو آزما کر دیکھیں، بس ٹوتھ پیسٹ کی تھوڑی سی مقدار زیورات کے اوپر لگا کر انہیں اپنی انگلیوں کی پوروں سے رگڑیں اور پھر اسے کپڑے کے کسی ٹکڑے سے صاف کردیں۔
تمام بچوں کو دیواروں پر پینٹ کا بہت زیادہ شوق ہوتا ہے، اس سلسلے میں بھی ٹوتھ پیسٹ زبردست کمال دکھاتا ہے بس ٹوتھ پیسٹ کو ان پر رگڑ کر کپڑے سے داغ والی جگہ صاف کر دیں۔
سپورٹس گلاسز کا بہت زیادہ دیر تک استعمال ان کے شیشوں کو دھندلا دیتا ہے اور وہ گندے بھی ہوجاتے ہیں جن کی صفائی پانی کے بس کا کام نہیں ہوتا تاہم یہاں آپ ٹوتھ پیسٹ کی ہلکی سی تہہ کو استعمال کرسکتے ہیں، بس اسے گلاسز پر رگڑیں اور گیلے کپڑے سے پیسٹ کو صاف کر دیں۔
اگرچہ یہ سننے میں حیران کن لگے مگر حقیقت یہی ہے کہ ٹوتھ پیسٹ کا استعمال چہرے پر ابھر آنے والے دانوں اور مہاسوں سے جلد نجات دلانے کا موثر طریقہ ہے، بس تھوڑی سی مقدار میں ٹوتھ پیسٹ مہاسوں سے متاثرہ حصے پر لگائیں اور پھر اسے دھولیں، اس کے بعد آپ اس کا اثر دیکھ کر حیران رہ جائیں گے۔
ناخنوں کو بھی دانتوں جتنی نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے اور ٹوتھ پیسٹ تو دانتوں کی حفاظت کرتا ہی ہے مگر یہ ناخنوں کو بھی صحت مند بناتا ہے، بچوں کی بوتلوں میں اکثر بساند پیدا ہوجاتی ہے ایسے حالات میں ٹوتھ پیسٹ کا استعمال بہت مفید ثابت ہوتا ہے۔
ایک اور وہ چیز جو ٹوتھ پیسٹ بہت موثر طریقے سے کرتا ہے وہ شیشے یا لکڑی کی میز پر ٹھنڈے یا چائے وغیرہ کے کپ رکھنے سے بن جانے والے نشانات کو مٹانا ہے، ٹوتھ پیسٹ سے یہ کام بہت آسانی سے ہوجاتا ہے۔
قالینوں پر داغ بہت سخت اور انہیں صاف کرنا بہت مشکل ہوتا ہے تاہم ٹوتھ پیسٹ سے کارپٹ پر لگے کسی بھی قسم کے داغ سے نجات پانا بہت آسان ہوجاتا ہے، اگر آپ کے گھر میں شیشے کے دروازے لگے ہیں تو آپ نے دیکھا ہوگا کہ اکثر وہ دھندلے اور صاف کرنے کے بعد بھی گندے نظر آتے ہیں تاہم ٹوتھ پیسٹ کی مدد سے شیشے کو صاف کرکے آپ انہیں نئے جیسا چمکا سکتے ہیں۔

Related Articles

Back to top button