رانا ثنا، حمزہ ،مریم اورنگزیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائر

سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے سپریم کورٹ میں وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ ، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز اور وفاقی وزیرزاطلاعات مریم اورنگزیب کیخلاف توہین عدالت کی درخواست دائرکردی۔

چوہدری پرویز الٰہی کی جانب سے درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ رانا ثنا اللہ نے ہمارے 5 ارکان صوبائی اسمبلی کو غائب کرنے کی دھمکی دی۔ رانا ثنا اللہ کا یہ بیان توہین عدالت ہے۔ سپریم کورٹ یکم جولائی کو پنجاب کی وزارت اعلیٰ کے الیکشن کا فیصلہ دے چکی ہے، جب کہ حمزہ شہباز عدالت کو وزارت اعلیٰ کا الیکشن پرامن طور پر کرانے کی یقین دہانی کراچکے ہیں۔

دائر درخواست کے مطابق رانا ثنااللہ کے بیان سے تحریک انصاف اور اتحادی جماعتوں کے ارکان میں خوف و ہراس پیداکیاگیا۔ رانا ثنا اللہ عدالتی احکامات کی تعمیل میں رکاوٹ پیدا کررہے ہیں۔ ضمنی الیکشن میں ناکامی کے بعد متعلقہ فریقین اپنے ہوش و حواس کھو بیٹھے ہیں۔

درخواست میں استدعا کی گئی ہے کہ عدالت رانا ثنااللہ ، حمزہ شہباز اور مریم اورنگزیب کو طلب کرے اور تینوں کے خلاف عدالتی حکم عدولی پر توہین عدالت کی سزا دی جائے۔

Related Articles

Back to top button