یاسر حسین نے بیٹے کو بے بی شارک سنانے کی ویڈیو شیئر کردی

معروف گلوکار ابرارالحق کی جانب سے حال ہی میں نئی نسل کی پرورش کے حوالے سے دیے گئے بیان کے بعد اداکار یاسر حسین نے سوشل میڈیا پر ایک ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ کبھی کسی ماں کو نہ پرکھیں۔خیال رہے کہ ابرار الحق نے پاکستان تحریک انصاف کی 3 سالہ کارکردگی کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ جب وہ بچے تھے تو اس وقت کی مائیں بچوں کو گود میں سلاتے ہوئے اسلامی کلمات سناتی تھیں۔

گلوکار نے کہا تھا کہ آج کل کی مائیں بچوں کو موبائل فون دے کر اس پر ’بے بی شارک‘ گانا لگا دیتی ہیں، انہوں نے منفرد انداز میں بچوں اور بڑوں کے مقبول گانے ’بے بی شارک‘ کو گاکر بھی دکھایا تھا۔ابرار الحق کی جانب سے بچوں کی تربیت کے حوالے سے آج کل کی ماؤں کو تنقید کا نشانہ بنائے جانے پر مداحوں سمیے شوبز شخصیات نے منقسم رائے کا اظہار کیا تھا۔اب یاسر حسین نے انسٹا گرام پر ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں ان کی اہلیہ و اداکارہ اقرا عزیز اپنے بیٹے کو بچوں کا مقبول ترین گانا ‘بے بی شارک’ سنا رہی ہیں۔

اسی پوسٹ میں شیئر کی گئی دوسری ویڈیو ان کے بیٹے کبیر کو تلاوت سنائی جارہی ہے۔اپنی پوسٹ کے کیپشن میں یاسر حسین نے لکھا کہ’کبھی کسی ماں کو نہ پرکھیں کہ وہ بچے کو کیسے پالتی ہے، کیا سکھاتی ہے، کیا سناتی ہے۔یاسر حسین نے لکھا کہ ‘اگرمیں نے یہ سب پہلے دیکھ لیا ہوتا کہ ماں کا بچے کو پالنا کتنا مشکل ہے تو میں اپنی ماں سے کبھی آنکھ ملا کے بات بھی نہ کرپاتا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ‘ماں کا رتبہ بہت بڑا ہے، آج یا کل، ہمیشہ ماں، ماں ہے۔اداکارہ عائشہ عمر اور گلوکارہ حدیقہ کیانی نے بھی یاسر حسین کی مذکورہ پوسٹ کو سراہا۔خیال رہے کہ اس سے قبل یاسر حسین نے ماڈل و میک اپ آرٹسٹ نادیہ حسین کی جانب سے گلوکار ابرار الحق پر سخت تنقید کی حمایت کی تھی۔

خیال رہے کہ ’بے بی شارک‘ گانے کی ویڈیو یوٹیوب پر سب سے زیادہ دیکھی جانے والی ویڈیو ہے، مذکورہ گانے کو جنوبی کورین پروڈیوسرز نے 2016 میں اپ لوڈ کیا تھا۔’بے بی شارک‘ دنیا بھر کے بڑوں اور بچوں میں یکساں مقبول گانا ہے۔

Related Articles

Back to top button