اراکین پارلیمنٹ خفیہ رائے شماری کی حمایت کیوں‌ کرتے ہیں؟

اراکین پارلیمنٹ کی جانب سے خفیہ رائے شماری کی حمایت پر وزیراعظم عمران خان نے وضاحت دیتے ہوئے کہا کہ اراکین اس لیے خفیہ رائے شماری کی حمایت کرتے ہیں کیونکہ اس میں‌ پیسے کا استعمال کیا جاتا ہے۔

وزیراعظم ہاؤس میں اراکین پارلیمنٹ کے اعزاز میں ظہرانہ سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ سیاست میں آکر لوگ اپنی ذات کیلئے کام کرتے ہیں، قائداعظم کا خواب تھا پاکستان ایک عظیم ملک بنے گا، ہمارے نبیﷺ تمام انسانوں کیلئے رحمت بن کر آئے، میرا بھی سیاست میں آنے کا مقصد ملک کو فلاحی ریاست بنانا تھا، میں ملک کو بدلنے کے لئے سیاست میں آیا تھا، اخلاقیات ختم ہونے پر کرپشن شروع ہوتی ہے، جو قوم انصاف نہیں کرسکتی وہ تباہ ہوجاتی ہے، یورپ میں جمہوریت کی بنیاد اخلاقی اقدار ہیں، جرمنی اور جاپان کی اخلاقیات آج بھی قائم ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ ہم ملک کی فلاح کے لئے قانون سازی کر رہے ہیں، انتخابات کو متنازعہ بنانے سے بہتر ہے انتخابی اصلاحات لائی جائیں، قانون سازی ذاتی یا سیاسی فوائد کیلئے نہیں کررہے، انتخابی اصلاحات پر قانون سازی جمہوری نظام کیلئے ضروری ہے، جمہوریت پر یقین ہے اس لیے انتخابی اصلاحات کرنا چاہتے ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ 1970 کے بعد تمام انتخابات متنازعہ رہے ، ہم نے 4 حلقے کھولنے کا کہا تھا، اور جب یہ حلقے کھلے تو چاروں میں دھاندلی نکلی، سب کو پتا ہے سینیٹ الیکشن میں کیا ہوتا ہے، سینیٹ الیکشن میں پیسے لینے کی ویڈیوز دکھائی گئیں، ویڈیوز میں سینیٹ ارکان بیگز میں نوٹ ڈالتے دکھائے گئے، ہم نے کہا سینیٹ الیکشن میں اوپن بیلٹ ہونا چاہئے۔

ہمارا مقصد تھا کہ آئندہ انتخابات صاف اور شفاف ہوں، خفیہ رائےشماری میں پیسہ چلتا ہے اس لیے اپوزیشن حمایت کرتی ہے، پولنگ ختم ہوتے ہی ڈبے بدل جاتےہیں اس وقت دھاندلی ہوتی ہے، ہم ای وی ایم کیلئے کام کر رہے ہیں تاکہ انتخابات شفاف ہوں، الیکشن کمیشن نے ای وی ایم کی کیوں مخالفت کی، ای وی ایم مشین لانے سے ہمیں کیافائدہ ہوگا۔

واضح رہے کہ وزیراعظم کی جانب سے دیئے گئے ظہرانے میں تقریباً 150 سے زائد اراکین پارلیمنٹ شریک ہوئے اور وزیراعظم نے تمام ارکان کو موجودہ صورتحال اور کل ہونے والے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں پیش ہونے والے بلز پر اعتماد میں لیا اور تمام اراکین کو مشترکہ اجلاس میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

Related Articles

Back to top button